شاہراہ ریشم، مری روڈ اور باقی تمام سڑکوں کے ساتھ منسلک بڑے نالوں کی موسم برسات سے قبل مکمل صفائی کی جائے گی

جب پل ، سیٹھی مسجد ، حسن ٹائون، کالا پل اور مری روڈ کے نالوں کی صفائی کو ترجیح دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

منگل 18 جون 2019 23:57

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) ایبٹ آباد میں شاہراہ ریشم، مری روڈ اور باقی تمام سڑکوں کے ساتھ منسلک بڑے نالوں اور دیگر برساتی آبی گذر گاہوں کی آئندہ موسم برسات سے قبل مکمل صفائی کی جائے گی، ان نالوں سے پائیدار بنیادوں پر تجاوزات اور کوڑا کرکٹ سمیت تمام رکاوٹیں دور کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی، نالوں میں جب پل نالہ، سیٹھی مسجد نالہ، حسن ٹائون، کالا پل اور مری روڈ کے نالوں کی صفائی کو ترجیح دی جائے گی جبکہ لوگوں کو نالوں پر تجاوزات قائم کرنے اور ان میں فضلہ پھینکنے سے باز رکھنے کیلئے ٹھوس اور سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

یہ فیصلہ منگل کو ڈپٹی کمشنر عامر آفاق کی زیر صدار ت شاہراہ ریشم اور شہر کی تمام آبی گذر گاہوں اور نالوں کی صفائی اور تعمیر نو سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر فیصل، جنرل ریٹائرڈ ایاز سلیم رانا، سی ای او کینٹ، اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، آر ایم، ایس این جی پی ایل، این ایچ اے، ٹی ایم اے، کے پی ایچ اے ، سی اینڈ ڈبلیو کے علاوہ دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر تمام نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ آنے والے برسات کے موسم میں شہریوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کر نا پڑے اور شاہراہ ریشم منڈیاں، سپلائی اور ملحقہ علاقہ جات میں موجود نالوںکی صفائی کے انتظام اور تجاوازت کا معائنہ کیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کینٹ بورڈ، ٹی ایم اے اور ڈسٹرکٹ کونسل ایریا میں تمام برساتی نالوں، شاہراوں خصوصاً قراقرم ہائی وے اور مری روڈ کے کنارے نالیوں، کچرے کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے مشترکہ طور پر بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے گا، شہریوں سے گذارش ہے کہ صفائی اور تجاوزات کے خاتمہ کی اس مہم میں ضلعی انتظامیہ، کینٹ بورڈ اور تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون کریں تا کہ ایبٹ آباد کو سرسبز اور شاداب بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں