چیئرمین میونسپل کمیٹی ا ٹک نے ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا

ایوان کو چلانے کے لیے اپنے زورِ بازو سے وسائل بڑھائیں گے،ناصر محمود شیخ

ہفتہ 25 فروری 2017 16:59

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) چیئرمین میونسپل کمیٹی ا ٹک ناصر محمود شیخ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں عوام کو ٹیکس فری بجٹ دے رہے ہیں۔ایوان کو چلانے کے لیے مل کر اپنے زورِ بازو سے وسائل بڑھائیں گے۔ میری اصل طاقت ہاؤس میں بیٹھے ہوئے میرے منتخب ساتھی ہیں اور ہم نے ادارے کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلدیہ کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کیا۔

بجٹ میونسپل کمیٹی اٹک کے خصوصی بجٹ اجلاس میں پیش کیا گیا جس کی صدارت وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی اٹک ملک طاہر اعوان نے کی جس میں تمام اراکین نے شرکت کی۔ بجٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کمیٹی نے بتایا کہ یہ بجٹ مکمل طور پر ٹیکس فری ہے۔ مجموعی طور کمیٹی کی متوقع آمدن 16کروڑ14 لاکھ 43 ہزار500روپے ہے جس میں سے ملازمین کی تنخواہ کی مد میں 8کروڑ84 لاکھ95ہزارروپے ، سائر اخراجات کی مد میں 3کروڑ45لاکھ 13ہزارروپے ، ترقیاتی اخراجات کی مد میں 1کروڑ 82لاکھ 56ہزارروپے، ملازمین کی پنشن کی مد میں1 کروڑ روپے اور سپورٹس و دیگر اخراجات کی مد میں 16لاکھ 89ہزار 900 روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے۔

(جاری ہے)

میونسپل کمیٹی کے کل اخراجات کا تخمینہ 15کروڑ 92لاکھ 53ہزار900روپے ہے ۔ کمیٹی کی متوقع آمدن ٹیکس منتقلی جائیداد، گورنمنٹ گرانٹس ، آمدن میونسپل کمیٹی لاری اڈاہ ، دکانات ، مشتہری و لائسنس فیس اور متفرق آمدن میں 16کروڑ14لاکھ 43ہزار 500روپے متوقع ہے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 8کروڑ 84لاکھ 71ہزار روپے جس میں تنخواہ چیئرمین، چیف آفیسر ، تنخواہ فنانس برانچ ، ریگولیشن ، پلاننگ، انفراسٹرکچراور تنخواہ سروسز واٹر سپلائی ، سینیٹیشن ، گارڈن ، سٹریٹ لائٹس اور فائر بریگیڈوغیرہ شامل ہیں۔

سائر اخراجات میں بل بجلی، واٹر سپلائی، سٹریٹ لائٹس، پارکس، ڈیزل پٹرول، سینیٹیشن برانچ ، مرمت ٹرانسپورٹ ، ٹیوب ویلز اور پارکس وغیرہ مرمت شامل ہیً جس کا تخمینہ9 کروڑ80لاکھ روپے ہے۔ ترقیاتی اخراجات میںافغان سکیم جو کہ جاری ہے متوقع آمدن برائے ترقیاتی کام مرمت وغیرہ 1کروڑ 82لاکھ 56 ہزارروپے شامل ہیں۔ ریٹائر ڈ ملازمین کی ماہانہ پنشن اور گریجوٹی کی رقم شامل ہے جس کا ایک کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ ذمہ داریوں میں دو سابق ترقیاتی سکیموں میں 9لاکھ 39ہزار 900روپے کا تخمینہ ہے ۔

سپورٹس اینڈ یوتھ کی سرگرمیوں کے لیے مجموعی طور پر چھ لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی نے مزیدکہا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ سے زیادہ ذرائع پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ایوان میں چھ ماہ کاٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ نثار احمد، حاجی محمد اکرم اور مسز جعفری نے بجٹ کا خیر مقدم کیا اور چیئرمین کو اپنی جانب سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں