بہاولنگر میں پولیس اہلکار کی خاتون سے جنسی زیادتی

لیڈی کانسٹیبل بھرتی کروانے کا جھانسہ دے کر بلایا، خاتون کی برہنہ ویڈیوز اور تصاویر بھی بنا لیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 فروری 2024 15:51

بہاولنگر میں پولیس اہلکار کی خاتون سے جنسی زیادتی
بہاولنگر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 فروری 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں پولیس اہلکار نے خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق کانسٹیبل ملزم نصیر نے طارق کالونی کی رہائشی خاتون کو پولیس کے محکمے میں بطور لیڈی کانسٹیبل بھرتی کروانے کا جھانسہ دے کر پولیس لائن بلوایا، جہاں سے ملزم اور اس کا ساتھی خاتون کو گاڑی میں بیٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے اور پولیس اہلکار نے چاقو کے زور پر اس خاتون کو زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم خاتون کی برہنہ ویڈیوز اور تصاویر بھی بناتے رہے اور پولیس اہلکار نے بعد ازاں خاتون کو بلیک میل کیا کہ اگر کسی کو بتایا تو ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں گے، خاتون کی حالت غیر ہونے پر ملزمان اسے ستلج پارک پھینک کر فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ڈی پی او نصیب اللہ خان نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے، جس کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں پولیس اہلکار کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی اور متاثرہ خاتون کو میڈیکل کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ادھر اوکاڑہ میں تھانہ اے ڈویژن کی حدود القدوس ٹاؤن میں گن پوائنٹ پر 12 سالہ گھریلو ملازمہ کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا جہاں حسنین نامی ملزم جنسی زیادتی کی ویڈیو بھی بناتا رہا، اس حوالے سے متاثرہ لڑکی کی والدہ نے تھانہ اے ڈویژن میں مقدمہ درک کروا دیا، لڑکی کی والدہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میری 12 سالہ بیٹی کو اوباش نوجوان حسنین نے گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم نے اس گھناؤنے فعل کی ویڈیو بھی بنائی اور پانچ مرتبہ ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بتایا جارہا ہے کہ پولیس تھانہ اے ڈویژن نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی کو میڈیکل کے لیے ہسپتال منتقل کرکے میڈیکل حاصل کیا، میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹروں نے لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق کی ہے، جس کی بناء پر پولیس نے دائر درخواست پر مقدمہ درج کرکے مفرور ملزم حسنین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں