بہاولپور ڈویژن میں گیس کی بندش کا دوسرا روز جاری، عرفان کھوکھر کی دیگر کے ہمراہ آر پی او سے ملاقات ، پولیس کی بھتہ گیری سے آگاہ کیا

بہاولپور میں ایل پی جی کی قیمت 200روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی،پولیس ماہانہ دس لاکھ سے زیادہ بھتہ وصول کر نے لگی ہے‘ چیئرمین ایل جی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن

جمعرات 26 جنوری 2017 16:09

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2017ء) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھرنے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بہاولپور کے ہمراہ آر پی او بہاولپور محمد ادریس احمد سے ملاقات کی جس میں عرفان کھوکھر نے آر پی او بہاولپور کو پولیس کی بھتہ گیری کے متعلق آگاہ کیا۔ چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ صادق آباد، رحیم یار خان، احمد پور، یزمان، لودھراں،بہاولپور، خیرپور،حاصل پور اور بہاولنگر میں پولیس فی دکان ماہانہ 10000روپے بھتہ لے رہی ہے اور ماہانہ یہ رقم لاکھوں کی تعداد میں بن جاتی ہے۔

ایل پی جی ایک غریب فیول ہے اس وجہ سے اس کے کاروبار سے تعلق رکھنے والے بھی غریب لوگ ہیں جو پولیس کی نہ تو غنڈہ گیری برداشت کر سکتے ہیں اور نہ پولیس کی لاکھوں کی بھتہ گیری لہذہ یہ لوگ پولیس سے تنگ آ کر مہنگی گیس بیچنے پر مجبور ہیں اور یہ لوگ پولیس کی بھتہ گیری سے تنگ آکر اپنا کاروبار کسی دکان پر بیٹھ کر کرنے کی بجائے اپنے گھروں میں بیٹھ کر کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

بہاولپور میں ایل پی جی کا ریٹ 150 سے 200 روپے فی کلو کے درمیان ہے اور اگر پولیس کی بھتہ گیری جاری رہی تو یہ ریٹ200روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر جائے گا جو کہ 100روپے فی کلو ہونی چاہیے۔عوام پولیس کی وجہ سے لاکھوں کا بھتہ دینے پر مجبور ہے۔سردیوں میں قدرتی گیس کم ہونے کی وجہ سے لوگ ایل پی جی کو ترجیح دیتے ہیں۔بہاولپور ڈویژن میں ایل پی جی کی بندش کا دوسرا دن جاری ہے، عوام کو گیس مل ہی نہیں رہی اور اگر مل رہی ہے تو اتنی مہنگی کہ غریب لوگ اس سردی کے موسم میں مجبوراً ایل پی جی خرید رہے ہیں۔

سردیوں میں قدرتی گیس کم ہونے کی وجہ سے لوگ ایل پی جی کو ترجیح دیتے ہیں اور ایسے میں پولیس نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے جو کہ پاکستان کی غریب عوام پر ظلم ہے۔پاکستان کی تریخ میں پہلی مرتبہ سردیوں میں گیس کی قیمت کم رہی ہے اور پولیس کی بھتہ گیری حکومت کو بدنام کرنے کا باعث بن رہی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے آر پی او محمد ادریس احمد سے گزارش کی کہ جو ایس او پیز ہم نے لاہور اور راولپنڈی میں منظور کیے وہ بہاولپور میں بھی لاگو کیے جائیں لیکن ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بہاولپورکے وفد کی عرفان کھوکھر کے ہمراہ آر پی اوبہاولپور سے مزاکرات ناکام رہے۔

عرفان کھوکھر نے مزید کہا کہ اگر پولیس کی مداخلت ختم نہ کی گئی تو ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن بہاولپور اپنا کاروبار جاری نہ رکھے گی کیونکہ ہم پولیس کی بھتہ گیری مزید برداشت نہیں کر سکتے اور نہ کرینگے۔ ایل پی جی کے کاروبار میں پولیس کی ڈائریکٹ مداخلت بند ہونی چاہیے۔ سول ڈیفنس ایل پی جی کی دکانوں پر کام کرنے والے لوگوں کو آگ بجھانے اور سیفٹی کی ٹریننگ دے ۔عرفان کھوکھر نے وزیراعلی میاں محمد شہباز شریف سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی کے کاروبار سے پولیس کی ڈائریکٹ مداخلت ختم کرنے کیلئے ازخود نوٹس لیں تا کہ لاہور ، راولپنڈی اور قصور کی طرح بہاولپور میں بھی پاکستان کی غریب عوام سردیوں میں ایل پی جی سے فائدہ اٹھا سکے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں