مسلح افواج ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم

اتوار 18 اپریل 2010 17:36

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔18اپریل۔2010ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے‘ مسلح افواج چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار ہیں‘ خطے میں امن کے خواہاں ہیں‘ ملک کادفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑی‘ پاکستان عالمی دہشت گردی کے سامنے دیوار بن کرکھڑا ہے‘ اعلیٰ ترین تیاری ہی کامیابی کی ضامن ہے‘ قوم کے دفاع کے لئے پاکستانی فوج کی قربانیوں پر فخر ہے‘کامیاب فوجی مشقوں پر مسلح افواج مبارک باد کی مستحق ہیں۔

اتوار کو بہاولپور میں فوجی مشقیں ”عزم نو سوئم“ کے پہلے مرحلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور اس کی مسلح افواج تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے تاہم پاکستان کو مغربی سرحدوں کے علاوہ دیگر چیلنجوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے فوج کو کامیاب مشقوں پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اعلیٰ ترین تیاری ہی کامیابی کی ضامن ہے اور قوم کے دفاع کے لئے پاکستانی فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔پاکستانی فوج نے سوات اور وزیرستان میں غیرمعمولی خدمات سرانجام دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے اور پاکستان اب بھی عالمی دہشت گردی کے سامنے دیوار بن کر کھڑا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ریاست ہونے کی حیثیت سے عالمی برادری کو پاکستان کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ تقریب میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل طارق مجید اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں