مبارک پور سے بہاولپور آنے والی مسافر ویگن اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ‘14 نشستی وین میں سوار تمام 26 مسافر جاں بحق‘7 خواتین ‘3 بچے شامل،مسافر ویگن بہاولپور بائی پاس پر سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی‘ مسافر ویگن کے پرخچے اڑ گئے ‘ باڈی کاٹ کر لاشوں کو نکالنا پڑا‘ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل

منگل 30 اکتوبر 2012 16:14

بہاولپور / احمد پور شرقیہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔30اکتوبر 2012ء) بہاولپور کے نواحی قصبے مبارک پور سے بہاولپور آنے والی 14 نشستوں والی ہائی ایس مسافر وین اور بہاولپور سے احمد پور شرقیہ جانے والے لوڈر ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم میں مسافر وین میں سوار بچوں اور خواتین سمیت تمام کے تمام 26 مسافر جاں بحق ہوگئے‘ جاں بحق ہونے والوں میں سات خواتین اور تین بچے شامل ہیں‘ جاں بحق تین خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے‘ خوفناک حادثہ میں ہائی ایس مسافر وین کے پرخچے اڑ گئے‘ باڈی کاٹ کر لاشوں کو نکالنا پرا۔

تفصیلات کے مطابق مبارک پور سے بہاولپور آنے والی مسافر ویگن ایس جی جے 4796 منگل کو دن بارہ بجے کے قریب جب بہاولپور بائی پاس پر پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والے ٹرک جے ٹی جے 152سے ٹکرا گئی جس میں بھینسیں لدی ہوئی تھیں ۔

(جاری ہے)

حادثہ اس قدر شدید اور خوفناک تھا کہ اس میں مسافر ویگن کے پرخچے اڑ گئے اور14 نشستوں والی ویگن میں سوار خواتین اور بچوں سمیت 26 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور لاشوں کو ویگن کاٹ کر نکالنا پڑا۔

جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ خوفناک حادثہ کی آواز دور دور تک سنی گئی جس پر آس پاس سے لوگ اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ حادثہ اس قدر شدید اور خوفناک تھا کہ ہائی ایس وین بالکل پچک کر رہ گئی اور اس کی باڈی کاٹ کر لاشوں نکالنا پڑا۔ اس موقع پر انتہائی المناک اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

خوفناک تصادم کی وجہ سے بیشتر لاشیں مسخ ہوچکی تھیں اور ان کے اعضاء کٹ چکے تھے۔ المناک حادثہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقہ میں پھیل گئی اور مبارک پور اور گرد و نواح سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے عزیز و اقارب کو پہچاننے کیلئے پہنچ گئے۔ حادثہ کے بعد بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا تھا۔ مسافر ویگن کو ڈرائیور راؤ ساجد چلا رہا تھا اور اس کا کنڈیکٹر شیخ یاسین تھا۔

حادثے میں دونوں بھی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او بہاولپور سمیت پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں اور دیگر سماجی تنظیموں کی ایمبولینس گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تباہ شدہ ویگن سے جاں بحق ہونے والے مسافروں کی لاشوں کو نکال کر وکٹوریہ ہسپتال میں پہنچایا جہاں سے لاشوں کو ان کے عزیز و اقارب کے حوالے کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں