بہاول پورصوبہ کی بحالی پر آل پارٹیزکانفرنس ، 17 سیاسی اورمذہبی جماعتوں نیمجوزہ بہاولپورجنوبی پنجاب صوبہ مستردکردیا متفقہ طورپر بہاول پورصوبہ کی بحالی کامطا لبہ،گورنر پنجاب کاسیاسی مستقبل تاریک ہوچکاہے ، مخدوم احمدمحمود اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گا ، بہاول پورصوبہ ضرور بحال ہوگا اسے دنیاکی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ، انسانوں کے ساتھ علاقہ کے چرندپرند حشریات اوراشجار بھی بہاولپور صوبہ کی بحالی چاہتے ہیں ،عوام متحدہوجائیں تو وفاق اورصوبہ میں موجودسیاسی جماعتیں صوبہ بحال کرنے پرمجبورہوجائینگی،پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد کے مطابق بہاول پورصوبہ کواسکی جغرافیائی حدود میں بحال کیاجائے ،مختلف سیاسی و مذہبی جماعتو ں کے رہنماؤ ں کا بہاول پورصوبہ کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ اے پی سی سے خطاب

پیر 28 جنوری 2013 20:56

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔28جنوری۔ 2013ء) آل پارٹیزکانفرنس میں بہاول پورصوبہ کی بحالی پر 17 سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے عہدیداروں نے متفقہ طورپر بہاول پورصوبہ کی بحالی کامطالبہ کرتے ہوئے مجوزہ بہاول پورجنوبی پنجاب صوبہ کویکسرمستردکردیا ہے۔پیر کو یہاں ملک حبیب اللہ بھٹہ کی رہائشگاہ پر منعقدہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس سے ابتدائی کلمات میں ملک حبیب اللہ بھٹہ نے کہاکہ بہاول پورصوبہ کی بحالی کی تحریک 1970 ء سے مسلسل چل رہی ہے بہاول پورکی عوام آج بھی صوبہ بحالی پرمتفق ہیں اورانہیں کوئی لالچ یاترغیب انکی راہ سے نہیں ہٹاسکا 70 کی دہائی میں بھی کچھ لوگوں نے صوبے کی تحریک سے انحراف کیاتھا وہ لوگ سکڑکر اپنے حلقوں تک محدود ہوگئے آج بہاول پورصوبہ ہربچہ بزرگ نوجوان ‘عورت کی زبان پرہے انہوں نے کہاکہ مخدوم احمدمحمود اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گا اوراسکا سیاسی مستقبل تاریک ہوچکاہے اورجنہوں نے بہاول پور صوبہ کوفروخت کیاہے ہم اسکا تختہ کردیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بہاول پورصوبہ ضرور بحال ہوگا اسے دنیاکی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے انسان توانسان یہاں کے جانورچرندپرند حشریات اوراشجار بھی بحالی صوبہ چاہتے ہیں کیونکہ انکی زندگی کادارومدار دریائے ستلج کی روانی سے ہے بہاول پورصوبہ بحال ہوگاتو دریائے ستلج بھی رواں دواں ہوگا۔ تحریک انصاف بہاول پورشعبہ خواتین کی راہنما آسیہ کامل نے کہاکہ بہاول پورصوبہ اسکی سابقہ جغرافیائی حدود میں بحال کرنا بہاول پورکی عوام کادیرینہ مطالبہ ہے اورجوجماعت بھی اس مطالبہ کی نفی کریگی وہ مستقبل کی سیاست میں ناپیدہوجائیگی۔

پاکستان تحریک انصاف کے راہنما سیدحفیظ قیصر نے کہاکہ بہاول پورمیں عرصہ درازسے یہ مطالبہ کیاجارہاتھا کہ ایماندار اور مخلص اوربے غرض شخص کی قیادت میں بہاول پورصوبہ تحریک جاری رہ سکتی ہے آج کے اے پی سی منعقدکرکے ہم نے بہاول پورکے عوام کو ایک ایسا راہنما دے دیاہے جسکے کوئی سیاسی مقاصد نہ ہیں وہ صرف اور صرف بہاول پورصوبہ کی بحالی چاہتے ہیں تاکہ بہاول پورکے عوام اوراسکے نوجوانوں کامستقبل محفوظ ہواب کوئی فرد بہاول پورصوبہ تحریک کاسودہ نہیں کرسکے گا تمام فیصلے اجتماعی مشاورت سے کئے جائیں گے جن پر ہرقدم پر عوام کی آراء کوشامل کیاجائیگا۔

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات طاہرجانبازنے کہاکہ مخدوم احمدمحمودنے صرف گورنری کے بدلے بہاول پور صوبہ کاسودا کردیا ہم صرف ریاست بہاول پورکی حدود میں بہاول پورصوبہ کے حامی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سلیم اختربھٹی نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بہاول پورکے عوام کے دیرینہ مطالبہ کو پوراکرنے کی حکمت عملی اپنالی ہے اوربہاول پورصوبہ کے حدود میں توسیع کرکے نیاصوبہ بنایاجارہاہے ۔

جماعت اسلامی بہاول پورکے امیر نصراللہ خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ صرف بہاول پور بلکہ جنوبی پنجاب ہزارہ صوبہ بنانے کی حامی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کارویہ بہاول پورصوبہ کے حوالہ سے منافقانہ ہے اگر وہ دیانتداری سے بہاول پورصوبہ کامقدمہ لڑتی توبہاول پورکاصوبہ بحال ہوچکاہوتا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں متفقہ قراردادتوپاس کرائی لیکن بعدمیں اپنے موقف سے ہٹ گئی اور کمیشن میں انہوں نے اپنے نمائندگان نہ بھیج کر بہاول پور صوبہ بحالی کی تحریک کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔

تحریک بحالی صوبہ کی عابدہ درانی نے کہا کہ پاکستان کی تشکیل میں سب سے زیادہ قربانیاں بہاول پورنے دیں اس نے اپناتخت اورآزادی قربان کرکے غلامی اختیار کی اورہمیں ان قربانیوں کایہ صلہ دیاجارہے کہ ایک انڈین جماعت بی جے پی کانام (بہاول پورجنوبی پنجاب )رکھ دیاگیا ۔مخدوم ناصربخاری نے کہاکہ اگرآج بھی ہماری عوام یہ فیصلہ کرلے اورعملی طورپر متحدہوجائیں تو وفاق اورصوبہ میں موجودسیاسی جماعتیں صوبہ بحال کرنے پرمجبورہوجائیگی۔

پاکستان عوامی تحریک بہاول پورکے عون محمدنے کہاکہ ہم صوبہ کی بحالی چاہتے ہیں اورکسی کی ڈرامہ بازی اورچالاکی کوکامیاب نہیں ہونے دیاجائیگا ۔پیپلزپارٹی شہیدبھٹوکے راہنما تطہیرالحسن ترمزی نے کہاکہ اس طرح کی کانفرنسیں بلاکر صوبہ بحال نہیں ہوگا لانگ مارچ اورسڑکوں پرآنے سے ہی صوبہ بحالی ممکن ہے۔ تحریک نظام مصطفی کے جاویدمصطفی نے کہاکہ بحالی کانعرہ لگانے والے اپنے دلوں میں تعصب ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پر اتحاد کرلیں اورہم اس شرط پر اس تحریک میں شامل ہونگے اگر بہاول پورصوبہ میں نظام مصطفی نافذ کیاجائے۔

پاکستا ن سنی کونسل کے مفتی فضل احمدنے کہاکہ وفاقی صوبائی حکومتیں پہلے بہاول پورصوبہ بحال کریں بعدمیں کسی نئے صوبے کی تشکیل کی بات کریں ہماری شناخت ہمیں واپس دی جائے ورنہ ہم صوبہ چھین لیں گے۔ منیارٹی الائنس بشپ نعیم عیسی نے کہاکہ اب وقت ذاتی جھگڑے کانہیں ہے بلکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ متحدہوکر اپنے حقوق کے حصول کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اورایک پلیٹ فارم پرجمع ہوجائیں۔

جماعت اہل سنت کے مفتی کاشف نے کہاکہ اخباری بیانات دینے سے صوبہ بحال نہیں ہو گا ہمیں اخلاص اتفاق اورعملی جدوجہد کے زریعے کام جدوجہدکرنی چاہیے اورہماری جماعت اس نیک مقصد میں آپکے ساتھ ہے مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکریٹری طارق مجید چوہدری نے کہاکہ( ق) لیگ کے مرکزی اور صوبائی قائدین واشگاف الفاظ میں کہہ چکے ہیں ہم بہاول پورصوبہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں چوہدری طارق بشیرچیمہ نے بھی بارہا صوبہ بحالی کی حمایت کااعلان کیاہے اورہم ہرطرح کاحلف دینے کوتیارہیں کہ بحالی صوبہ کیلئے ہرقربانی دیں گے۔

تحریک استقلال کے اکرم انصاری نے کہاکہ بہاول پورصوبہ بحالی کی تحریک اسی وقت کامیاب ہوسکتی ہے جب اس میں سے پسندوناپسنداور منافقت کوختم کردیاجائے اوراب جب تک یہ تحریک سڑکوں پرلانگ مارچ اور دھرنے کی صورت میں نہیں آتی کامیاب نہیں ہوسکتی ہے۔ سنی تحریک بہاول پورکے حافظ تنویر رفیق چنڑ، اے ٹی آئی کے طارق مصطفائی نے کہاکہ عملی جدوجہدکاآغاز کریں بہاول پورکے تمام تعلیمی اداروں کے نوجوان تحریک کیلئے ہراول دستہ بنیں گیں اور کوئی نوجوان اپنے گھرنہیں بیٹھے گا اے پی سی کے آخر میں متفقہ طورپر ڈیکلریشن پیش کیاگیا جس پرتمام 17 سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں نے دستخط کئے جس کے مطابق آج ہم تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے نمائندگان حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد کے مطابق بہاول پورصوبہ کواسکی جغرافیائی حدود میں بحال کیاجائے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں