ٹائیگرز کے حملے سے جاں بحق شہری کے لواحقین نے قانونی کارروائی سے منع کر دیا

ہماری طرف سے تمام پہلوؤں پر انکوائری کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 8 دسمبر 2023 12:56

ٹائیگرز کے حملے سے جاں بحق  شہری کے لواحقین نے قانونی کارروائی سے منع کر دیا
بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2023ء ) بہاولپور میں ٹائیگرز کے حملے سے موت کے منہ میں جانے والے شہری کے لواحقین نے قانونی کارروائی سے منع کر دیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے تمام پہلوؤں پر انکوائری کی جا رہی ہیں۔ جیو فینسنگ کی جا رہی ہے کہ مقتول کے نام پر کتنی سمیں تھیں۔ ٹائیگر کے حملے سے جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت گذشتہ روز کی گئی تھی۔

مقتول کی شناخت فنگر پرنٹ سے کی گئی تھی۔ جاں بحق شہری کی شناخت محمد بلاول ولد محمد جاوید کے نام سے ہوئی تھی بتایا گیا کہ جاں بحق شہری گرین ٹاؤن لاہور کا رہائشی اور پولیس کا ریکارڈ یافتہ نکلا۔ ملزم کے خلاف لاہور میں تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔ملزم کے خلاف ایک پتنگ بازی کا مقدمہ درج تھا۔جاں بحق شہری کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ہلاکت سے قبل شہری کی جانب سے مزاحمت کے آثار ملے،جسم کے مختلف حصوں پر زخم ہیں لیکن کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی۔ شہری کی موت اطلاع سے 12 گھنٹے قبل رات کے وقت ہوئی۔ٹائیگرز نے شہری کی ایک ٹانگ کو مکمل طور پر نوچ لیا تھا۔ گردن سے بھی گوشت کو نوچا ہوا تھا۔شہری کے دونوں ہاتھوں میں ٹائیگرز کے بال تھے۔ ٹائیگر کے حملے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سوئپر ساڑھے دس بجے صفائی کے لیے شیر ہاؤس گیا تو واقعے کا پتہ چلا۔ ڈی سی، اے سی، پولیس اور ریسکیو ادارے بھی پہنچے۔ جاں بحق شخص سے کسی قسم کی دستاویزات نہیں ملیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے جاں بحق شخص نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔ چڑیا گھر واقعے پر کمشنر نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر ، ہیڈ آف فرانزک ، سائنس کنزرویٹو جنگلات کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں