عالمگیریت کے دور میں علم پر مبنی معیشت کوفروغ دینے کیلئے حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے ،رفیق رجوانہ

جمعرات 10 دسمبر 2015 16:57

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) گورنر پنجاب وچانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے تاکہ عالمگیریت کے اس دور میں علم پر مبنی معیشت کوفروغ دیا جاسکے۔ اس مقصد کے لیے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو نئی ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا تاکہ نوجوان دورِ حاضر کے عالمی مسابقتی دور میں فعال انداز میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ملک اور ملت کی خدمت کر سکیں۔

گورنر پنجاب نے اِن خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے آٹھویں کانووکیشن کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سال 2011ء میں فارغ التحصیل ہونے والے 881 گریجویٹس کو ڈگریاں اور میڈل عطا کیے۔

(جاری ہے)

اِن میں 16پی ایچ ڈی ، 41ایم فل اور 669ایم اے ، ایم ایس اور بیچلر ڈگری ہولڈر شامل تھے جبکہ 89 گریجویٹس کو گولڈ میڈل اور 66کو سلور میڈل عطا کیے گئے۔

چانسلر نے ماہرین تعلیم سے کہا کہ تحقیق پر مبنی تعلیمی منصوبہ بندی کو فروغ دیں اور معیارِ تعلیم میں بہتری لاتے ہوئے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ علوم سے روشناس کرائیں۔ بطور قوم ہمیں عالمی معیشت میں سائنس وٹیکنالوجی پر عبور حاصل کر کے ہی اپنا حصہ مل سکتا ہے۔ چائنا پاکستان اکنامک کوری ڈورملک کی ترقی کے لیے ایک بہت بڑااور سنہری منصوبہ ہے جسے نوجوان نسل اپنی خداداد صلاحیتوں سے کام لے کرعملی شکل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورحضرت خواجہ فرید کی دھرتی ’روہی‘ پر قائم ہے لہٰذا اس جامعہ کو معاشرے میں محبت، امن اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چانسلر نے کہا کہ اُنہیں اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پورکی حالیہ دور میں کامیابیوں پر بہت خوشی ہوئی ۔ جامعات کو اپنی رینکنگ بڑھانے کے لیے خصوصی کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے جس فورم پر بات کرنی پڑی وہ کریں گے اور رکے ہوئے انتظامی معاملات کو چلانے کے لیے اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔خصوصی بچوں سے متعلق وائس چانسلر کی درخواست پر انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد کی فلاح وبہبود اُن کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ جامعہ موجودہ وائس چانسلر کے دور میں تعلیمی ، تحقیقی اور ترقیاتی کاموں میں بھرپور طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے ۔

اس سلسلے میں نئی افرادی قوت کی فراہمی ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ، سال میں دو سمسٹر سسٹم کا نفاذ اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ جیسے اقدامات انتہائی خوش آئند ہیں۔ جناب رفیق رجوانہ نے ڈگریاں لینے والے طلبہ وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ڈگریوں کا حصول اُن کی زندگی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اوراب وہ اپنے حاصل کردہ علم سے معاشرے کو فیض یاب کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔

اُمید ہے کہ ڈگری کے حصول کے بعد وہ اپنے اور والدین کے خوابوں کو شرمندہٴ تعبیر کرنے کے ساتھ ساتھ قوم کی اُمیدوں پر بھی پورا اُتریں گے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ وہ چار جہتوں پر مبنی ویژن کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو صفِ اول کی یونیورسٹی بنانے کے لیے کوشاں ہیں ۔

اِن میں معیارِ تعلیم میں بہتری، مالیاتی نظم ونسق کا نفاذ ، تعمیر وترقی اور تحقیق برائے قومی ترقی شامل ہیں۔ اُن کی اوّلین ترجیح اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ایسی افرادی قوت تیار کرنا ہے جو معیار تعلیم میں بہتری کے ساتھ ساتھ اعلیٰ درجے کی تحقیق کو فروغ دے۔ اِسی طرح انتظامی اہلکار دورِ حاضر کے جدید انتظامی امور سے واقف ہوں اور یونیورسٹی کے انتظام وانصرام کو مثالی انداز میں چلا سکیں۔

اس مقصد کے لیے قلیل مدت میں چھ سلیکشن بورڈ منعقد ہو چکے ہیں ۔ گزشتہ چار برسوں سے پڑی ہوئی 46ہزار انتظامی پوسٹوں کی درخواستوں پر بھرتی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور256تدریسی اور947انتظامی آسامیوں پر بھرتی دو ہفتوں میں مکمل ہوجائے گی۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی مدد سے 300 ملازمین تربیتی کورس مکمل کر چکے ہیں۔اساتذہ ، ملازمین اور طلبہ وطالبات کو ایک ساز گار ماحول کی فراہمی اُن کا اوّلین مقصد ہے تاکہ وہ یکسو ہو کر اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

وفاقی حکومت کی طرف سے اس سال جامعہ کے لیے 858.442ملین روپے کے میگا پراجیکٹ کی منظوری جامعہ کی تاریخ میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔ اُن کی کوشش ہے کہ اس بڑے ترقیاتی فنڈ سے قائم ہونے والے منصوبے جلد از جلد پایہٴ تکمیل کو پہنچیں۔اس منصوبے کے تحت آئندہ ماہ2ہاسٹلز اور کیمسٹری لیبارٹری پر کام شروع ہو جائے گا۔بہاول نگر کیمپس کی عمارت، سپورٹس کمپلیکس اور 25دیگر منصوبے500ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکے ہیں۔

یو ایس ایڈ کے تحت 270 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ایجوکیشنل ٹریننگ کی عمارت جلد ہی مکمل ہو جائے گی۔ رحیم یار خان کیمپس کی عمارت کی جلد تکمیل کے لیے 732ملین روپے کی اضافی رقم کی درخواست کر دی گئی ہے۔ اِسی طرح آئی سی ٹی بلاک کی تعمیر کے لیے اضافی 16ملین روپے بھی جلد ملنے کی توقع ہے۔ جناب گورنر نے گزشتہ اگست میں بہاول پور دورے کے دوران سٹڈی پارک اور ڈے کیئر سنٹر کا سنگ ِبنیاد رکھا تھا، ڈے کیئر سنٹر مکمل ہوچکا ہے اور سٹڈی پارک آئندہ ماہ تک پایہٴ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔

یونیورسٹی میں سپیشل طلبہ وطالبات کو خصوصی سہولیات فراہم کی جار ہی ہیں جن میں پک اینڈ ڈراپ سروس ، خصوصی افراد کے لیے ریمپس کی تعمیر اور ہاسٹل کی سہولیات شامل ہیں جبکہ ویل چےئرز کی فراہمی اور لفٹ سسٹم کی تعمیر کے لیے جناب چانسلر کی خدمت میں درخواست بھیج دی گئی ہے۔ اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت پر جناب چانسلر رفیق رجوانہ کا شکریہ ادا کیا اور معزز مہمانوں کو بھی خوش آمدید کہا ۔

تقریب میں اراکین پارلیمنٹ،ڈویژن و ضلعی حکام، پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر ہاشمی ڈین فیکلٹی آف سائنس ، پروفیسر ڈاکٹر میمونہ غنی ڈین فیکلٹی آف آرٹس، پروفیسر ڈاکٹر محمود احمد ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ، ڈا کٹر عبدالستار خان رجسٹرار ، فیکلٹی ممبران ، انتظامی افسران اور طلبہ وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں