اتحاد ختم کر کے ڈکٹیٹر کے ہاتھ مضبوط نہیں کرنا چاہتے ۔شہباز شریف۔۔۔اعلان مری سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے وکلاء نے لانگ مارچ کیا تو مسلم لیگ (ن) ان کا ساتھ دے گی

اتوار 18 مئی 2008 12:25

خیر پور ٹامیوالی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین18مئی2008 ) سابق وزیر اعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کے اتحادی ہیں اور رہیں گے مگر اختلافات بھی اپنی جگہ پر رہیں گے ہم پارلیمنٹ سے اتحاد ختم کر کے ڈکٹیٹر کے ہاتھ مضبوط نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی ڈکٹیٹر کو مزید سازشیں کرنے کا وقت دینا چاہتے ہیں وہ مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی میاں کاظم علی پیر زادہ کی زیر قیادت ملاقات کرنے والے وفود سے اپنی رہائش گاہ پر ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی بحالی کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں ججز کی بحالی کے موقف پر قائم ہیں اعلان مری سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اگر وکلاء نے لانگ مارچ کیا تو مسلم لیگ ن ان کا ساتھ دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ججز کی بحالی آج کر دے ہم لانگ مارچ ختم کر دیں گے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی دوہری چال کا شکار ہو چکی ہے گورنر پنجاب کے لیے سلمان تاثیر کو بنانے پر ہم سے کوئی مشاورت نہیں لی گئی اور نہ ہی ہمیں پہلے آگاہ کیا گیا ہے ہم پاکستان کو آمریت سے بچانے کے لیے پھر بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کے لیے مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہے اور پنجاب میں ہم اکثریت رکھتے ہیں مگر اس کے باوجود بھی ہم پیپلز پارٹی کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ہم آصف علی زرداری سے کسی قسم کے اختلافات نہیں چاہتے اور نہ ہی اتحاد ختم کر کے آمریت کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ بھر میں پسماندگی کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے غربت افلاس ، ناانصافی کے خاتمے کے لیے صوبہ بھر میں کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں ۔

ہم عوا کو ان کی دہلیز تک سستا انصاف فراہم کرنا چاہتے ہیں مسلم لیگ ن جو محکموں کے اندر کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اگر کسی بھی تھانہ کی حدود قتل ، گینگ ریپ ، اور صحافیوں کی تذلیل ہوئی تو وہاں کے SHO ٓ کے خلاف کاروائی کی جائے گی ، اور پورا تھانہ معطل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چوہدریوں کے دور نہیں ہے یہ دور عوام کا دور ہے اوریہ عوامی حکومت ہے اس لیے ہر صوبائی محکمے کے افسران اپنے آپکو درست کر لیں اور عوام کے ساتھ تعاون کو یقین بنائیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں