بہاولپور، حلقہ این اے 185اور پی پی 271،272میں انتخابی سرگرمیوں نے نیا رخ اختیار کر لیا ،(ن) لیگ نے پی پی271سے اپنا امیدوار جماعت اسلامی کے ڈاکٹر وسیم اختر کے حق میں دستبردار کر دیا،جماعت اسلامی کے امیدواروں کے این اے 185اور پی پی 272سے کاغذات نامزدگی واپس ،تحریک انصاف اور بہاولپورنیشنل عوامی پارٹی کا انتخابی اتحاد، پی ٹی آئی نے این اے 185و پی پی 272سے امیدواردستبردار، پی پی 271سے امیدوار کو تبدیل کر دیا،جماعت اسلامی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے خلاف مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کا احتجاجی کیمپ

جمعرات 18 اپریل 2013 00:01

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18اپریل۔ 2013ء) بہاولپور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185اور پی پی 271-272میں انتخابی سرگرمیوں نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پی پی271سے اپنا امیدوار جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر سید وسیم اختر کے حق میں دستبردار کر دیا،جماعت اسلامی نے این اے 185اور پی پی 272سے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے،تحریک انصاف اور بہاولپورنیشنل عوامی پارٹی کے انتخابی اتحاد کے بعد تحریک انصاف نے این اے 185اور پی پی 272سے اپنے امیدواردستبردار اور پی پی 271سے امیدوار کو تبدیل کر دیا۔

جماعت اسلامی اور مسلم لیگ(ن) کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے خلاف مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے احتجاجی کیمپ لگالیا،تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پی پی271سے اپنا امیدوار جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر سید وسیم اختر کے حق میں دستبردار کر دیاہے جبکہ جماعت اسلامی نے این اے 185اور پی پی 272سے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں اور ان حلقوں سے مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی حمایت کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اسی طرح نواب صلاح الدین عباسی کے وطن واپس پہنچنے اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان معاملات کے بعد جمعرات کو تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سید عبدالمعید شاہ بخاری نے ریٹرنگ افسر چودھری جمیل احمد کو حلقہ پی پی 271سے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے پارٹی ٹکٹ جمع اور میاں فرزند گوہیر کو جاری ہونیوالی ٹکٹ منسوخ کرنے کا پارٹی لیٹر جمع کروایا۔

میاں فرزند گوہیر کے وکیل نے ریٹرنگ افسر کو بتایا کہ ہمیں پہلے ٹکٹ جاری ہو چکا ہے لہذا آب جمع ہونیوالے ٹکٹ بارے تحریک انصاف پنجاب کے صدر چودھری اعجاز سے تصدیق کی جائے۔جس پر سید عبدالمعید بخاری کے وکیل نے کہا کہ ہمیں 17اپریل کو یہ ٹکٹ جاری اور میاں فرزند گوہیر کا ٹکٹ منسوخ کیا گیا ہے ۔چودھری اعجاز ایک مخصوص گروپ کی حمایت کر رہے ہیں لہذا اس کی تصدیق پارٹی کے سیکرٹری جنرل سے کی جائے ۔

سید عبدالمعید بخاری نے بتایا کہ نواب صلاح الد ین عباسی اور تحریک انصاف کے درمیان انتخابی اتحاد کے بعد تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 185سے ڈاکٹر منظور ملک اور پی پی 272سے ملک اصغر جوئیہ کو دستبردار جبکہ پی پی 271سے امیدوار کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔تاہم ریٹرنگ افیسر چودھری جمیل احمد تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے حتمی امیدوار کی تصدیق کیلئے لیٹر منگوانے کے بعد تحریک انصاف کے پی پی 271سے امیدوار کے نام کا آج فیصلہ کریں گے۔

ادھر جماعت اسلامی اور مسلم لیگ(ن) کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیخلاف مسلم لیگ( ن) کے کارکنوں نے چوک فوارہ پر احتجاجی کیمپ لگایا اور علامتی قبر بھی بنائی۔ اِس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ بہاولپور ذیشان چوہدری ، ضلعی جنر ل سیکریٹری صادق رحمانی، سینئر نائب صدر چوہدری عدنان، سٹی جنرل سیکریٹری رانا راشد جاوید ، تحصیل صدر یوتھ ونگ عمرخان بلوچ، عمران اشرف فریدی، ملک ندیم ایڈووکیٹ و دیگر نے کہا کہ ہمارے محبوب قائد میاں نوازشریف کے مقابلے میں جماعت اسلامی کے حافظ سلمان بٹ لاہور سے الیکشن لڑرہے ہیں جبکہ بہاولپور شہر کی صوبائی سیٹ تھالی میں رکھ کر جماعت اسلامی کو دی جارہی ہے ہم یہ ظلم ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے لیگی کارکنوں کا قتل تاریخی زیادتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت کے فیصلہ کے خلاف احتجاجی کیمپ لگانے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں