درخت موسمی تغیرات کے نقصانات سے تحفظ کا بنیادی ذریعہ ہے،کمشنربہاولپور

جمعہ 24 جولائی 2020 22:50

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2020ء) درخت لگاناصدقہ جاریہ اور موسمی تغیرات سے پیداشدہ نقصانات سے تحفظ کا بنیادی ذریعہ ہے۔شجرکاری سے نہ صرف صاف ستھری آب وہوا میں سانس لینے اور زندگی گزارنے کے مواقع میسر آتے ہیںبلکہ بنی نوع انسان کو سرسبز وشاداب اور موسمی تغیرات سے پاک ماحول بھی میسر آتاہے۔ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے آج یہاںاپنے دفتر کے کانفرنس روم میں شجرکاری اہداف کے حصول کے حوالہ سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی سمیت محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، محکمہ زراعت، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن سرسبز پاکستان مہم کے تحت بہاول پور ڈویژن کے تینوں ملحقہ اضلاع میں شجرکاری کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ بہاول پور ڈویژن کے تمام سرکاری ملازمین 9اگست کو شجرکاری مہم میں شریک ہوں گے اوربہاول پور ڈویژن میں ایک دن میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی۔کمشنر بہاول پور نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری محکمہ جات شجرکاری اہداف میں اضافہ کے ساتھ شجرکاری منصوبہ ترتیب دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نہ صرف زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے بلکہ پودے لگا کر ان کی نشونما اور نگہداشت پر بھی بھرپور توجہ دی جائے تاکہ عوام الناس کو سرسبز وشاداب ماحول میسر ہو اور موسمیاتی تبدیلیوں کا تدارک کرنے میںبھی آسانی ہو۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہاول پورڈویژن کو پہلے سے زیادہ گرین اور سرسبز وشاداب بنانے کے لئے عوام کے تعاون سے تمام مقررہ اہداف بروقت حاصل کر لئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں