صوفیاء کرام نے ہمیشہ انسانوں کو پیار محبت کے رشتوں میں جوڑا ، ڈاکٹر خواجہ ہارون خورشید پاشا

ہفتہ 22 نومبر 2014 17:55

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء)صوفیاء کرام نے ہمیشہ انسانوں کو پیار محبت کے رشتوں میں جوڑا تاکہ وہ ایک دوسرے کے سا تھ پرامن ماحول میں زندگی بسر کر سکیں ۔انہوں نے انسانیت کا درس دیا۔آج کے پر آشوب د ور میں ایک بار پھر صوفیا ء کرام کے بتا ئے ہوئے راستے پر چل کر ہی قیام امن کی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج بھاولپور ڈاکٹر خواجہ ہارون خورشید پاشا نے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان کے سٹیزن فرسٹ پروگرام کے سلسلے میں منعقدہ صوفی نائٹٓ کی تقریب کی صدارت کر تے ہوئے خطاب میں کیا۔

تقریب کا اہتمام قائد اعظم میڈیکل کالج کے اشتراک سے مین آڈیٹور یم میں کیا گیا تھا ۔تقریب کے کلیدی مقرر ڈاکٹر اسلم محمود ملک نے صوفی ازم پر مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفی ازم امیر دور میں دنیاوی آلائشوں کے رد عمل کے طور پر سا منے آیا اور دوسری اسلامی صدی اور اس کے بعد ایک تحریک کی شکل اختیار کر گیا ۔

(جاری ہے)

اس نے عیسائیت ،بدھ ازم کے کچھ اثرات کو اپنے اندر جذب کیا اور کئی مراحل سے گزرا ۔

اسلامی تہذیب کے عروج میں صوفی ازم عرب ،ایران،عراق اور ترکی میں پھیلا،صوفی ازم کے پھیلاؤ سے اسلام پھیلا ،افریقہ اور ایشاء میں اسلامی کلچر پروان چڑھا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوفی خود شناسی سے حق شناسی یعنی معرفت ذات سے معرفت حق کے راستے پر چلنے والے قافلے کا میر کارواں ہے۔ صوفیاء کا انسانی سماجیات اور تمدن سے گہرا رشتہ رہا ۔یہ خو گر حمدو ثناء سراپا عشق و محبت ،مذہبی رواداری ،فقرودور اندیشی جیسی بے پایاں جات آفریں صفات سے مزین ہستیاں انسان کامل کا تصور ہیں ۔

انہوں نے خدا، انسان ،کائنات اور دنیا کی ہر ذی روح سے پیار کیا ۔سماج اور دھرتی کے باسیوں کو احترام آدمیت سکھایا جو انسانیت کی معراج ہے ۔قبل ازیں چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فاروق احمد خان نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ صوفیا ء نے ہمیشہ انسا نیت کا درس دیا اور لوگوں میں نفرتیں پیدا کرنے کی بجائے پیار محبت اور بھائی چا رے کو رواج دینے میں بھر پور کردار ادا کیا ۔

صوفیاء کرام نے ہمیشہ لالچ ،مکرو فریب سے دور رہنے کی تلقین کی اور صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کر کے معاشرے میں امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔صوفی نا ئٹ میں شیریں کنول ،سلمہ خانم ،غلام فرید لاشاری گروپ ،سندھ سے آئے ہوے ایاز ملاح ،جمیل پروانہ ،نصیر مستانہ اسلامیہ یونیورسٹی کے ڈرامیٹک کلب کے ذیشان عارف اور انکے ساتھیوں نے بابابلھے شاہ،شاہ حسین،اور شاہ عبدالطیف بھٹائی کی کافیاں اور عارفانہ کلام گا کر خوب داد سمیٹی ۔اس صوفی نائیٹ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں تمام مذاہب و مسالک اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں