لودھراں، حاصل پور، منچن آباد اور خان پور میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے 71مقامات کا انتخاب

ان مقامات پر 93واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس منصوبے کے پہلے مرحلے پر 1ارب روپے لاگت آئے گی منصوبے پر یکم جون سے کام شروع ہو گا اور آئندہ 2ماہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا جائے گا، اجلاس میں بریفنگ

بدھ 27 مئی 2015 21:44

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) لودھراں، حاصل پور، منچن آباد اور خان پور میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے 71مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور ان مقامات پر 93واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس منصوبے کے پہلے مرحلے پر 1ارب روپے لاگت آئے گی۔ اس منصوبے پر یکم جون سے کام شروع ہو گا اور آئندہ 2ماہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

یہ بات کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میں ڈی سی او بہاول پور عمران سکندر بلوچ، ڈی سی او بہاول نگر حیدر اقبال، ڈی سی او رحیم یار خاں طارق بخاری کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بصاف پانی پراجیکٹ کے تحت دوسرے مرحلے میں بہاول پور ڈویژن اور ضلع لودھراں کی کل 13تحصیلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے جس کے لئے سروے شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ پانی کی فراہمی کی سکیموں کو چلانے کے لئے متعلقہ دیہات میں کمیٹیاں تشکیل دے دی گی ہیں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ اس پراجیکٹ کے متعلق آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے اور لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنروں کو بھی ان پراجیکٹس میں شامل کیا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب سے تقریباً ساڑھے 3لاکھ دیہی آبادی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہو سکے گی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے چولستان ڈویلپمنٹ پیکج کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت چولستان میں 32سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس کے لئے حکومت نے 80کروڑ روپے فراہم کئے ہیں اور ان منصوبوں پر 78فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبوں کو مقررہ میعاد میں مکمل کیا جائے اور اس میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ چولستان میں لوگوں کو پانی کی فراہمی کے لئے ساڑھے 4سو ٹوبہ جات تعمیر کئے جا رہے ہیں جن میں سے 290ٹوبہ جات کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے اور باقی ٹوبوں کی تعمیر کا کام 30جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی غیر حاضریوں کا نوٹس لیا گیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ ناقص کارکردگی والے سکولوں کی حالت بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بنیادی مراکز صحت پر ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی سیلابی صورتحال سے مقابلہ کرنے کے لئے ڈویژن کو مختلف سیکٹروں میں تقسیم کیا جائے گا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام حفاظتی بند اور پشتے مضبوط کئے جائیں اور ان کی کڑی نگرانی کی جائے۔ مزید براں لوگوں کو سیلاب کے دنوں میں ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔اجلاس میں سرکاری واجبات کی وصولی، اپنا روزگار سکیم اور کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ کے بارے میں ہونے والی پیش رفت کابھی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں