دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل ورثہ میں ملے ، انشااﷲ بہت جلدقابو پا لیا جائیگا‘ محمد رفیق رجوانہ

صوبہ بھر کی جامعات میں طلبا و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں وکلاء کا انصاف کے حصول میں لوگوں کی مدد کرنے کیساتھ قانون کی بالادستی ،پارلیمنٹ و آئین کی حکمرانی میں بھی عمل دخل ہے‘ گورنر پنجاب

جمعرات 6 اگست 2015 20:33

بہاولپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) گورنر پنجاب سردار ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن مسلم لیگ کا اثاثہ ہیں،ان کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں اورپارٹی کی رگوں میں کارکن خون بن کر دوڑتے ہیں،کارکنان کودرپیش مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں پارٹی ورکرز سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر امدادباہمی ملک محمد اقبال چنڑ،ایم این اے صبیحہ نذیر، ایم پی اے قاضی عدنان فرید،ایم پی اے شعیب اویسی، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، ایم پی اے حسینہ ناز،سید تابش الوری،مسلم لیگی رہنما سمیع اﷲ چوہدری، جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ رانا راشد جاویدسمیت ضلع بھر کے مسلم لیگی ورکرز موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب رفیق احمد رجوانہ نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہماری قیادت کی سمت درست ہے۔

جنوبی پنجاب کی ترقی و خشحالی ہماری اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص بہاول پور میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے اس خطہ کی محرومی دور ہو سکے گی۔انہوں نے کارکنوں کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر میں ایک وکیل ہوں، کارکنان کے مسائل اور مقدمہ کو سمجھتا ہوں۔ان کے مسائل کا حل میری سرفہرست ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکن کی قربانیوں کی قدر ومنزلت ہماری لیڈر شپ میں موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے تمام سائلین کے لئے بلاتفریق ہمہ وقت کھلے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کو کم کر کے انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت مخلص اور عوام دوست ہے جبکہ ہمیں دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل ورثہ میں ملے ہیں جن پر انشااﷲ بہت جلدقابو پا لیا جائے گا۔

انہوں نے بیشتر کارکنوں کے مسائل پر موقع پر ہی متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کیں۔قبل ازیں گورنر پنجاب نے مسلم لیگی کارکن مہر ریاض کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔بعد ازاں گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں 15؍کروڑ روپے کی لاگت سے 13؍ ایکڑ رقبہ پر مشتمل طالبات کے لئے سٹڈی پارک کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر امداد باہی ملک محمد اقبال چنڑ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق، مسلم لیگی رہنما سمیع اﷲ چوہدری، یونیورسٹی اساتذہ و افسران بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کو وائس چانسلر قیصر مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ طالبات کے لئے قائم کئے جانے والے سٹڈی پارک میں لیپ ٹاپس اورانٹر نیٹ کے ساتھ ساتھ مختلف کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں کے لئے ٹینس کورٹ، ہاکی گراؤنڈ، ہینڈ بال کورٹ، سکواش کورٹ، باسکٹ بال کورٹ اور جمنیزیم کی سہولیات سٹڈی پارک کا حصہ ہوں گی۔

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے اسلامیہ یونیورسٹی کے اساتذہ و ملازمین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے نئے تعمیر شدہ ڈے کیئر سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے وائس چانسلر کو خصوصی بچوں کے لئے بھی یونیورسٹی کے زیر انتظام ادارہ قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ سپیشل بچوں کو بھی بہترین تعلیم وتربیت کی بدولت معاشرے کا بہترین شہری بنایا جا سکے۔ انہوں نے بہاولپور میں بے سہارا و نادار بچوں کے لئے ایس او ایس ویلج طرز کے ادارے قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

گورنر نے اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا سرمایہ ہیں جن کی تعلیم و تربیت ہماری ذمہ داری ہے اور اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ نوجوانوں کو بہترین تعلیم و تربیت کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

بعد ازاں گورنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ پولیس افسر سرفراز احمد فلکی کو یونیورسٹی کی سیکورٹی کوفول پروف بنانے میں معاونت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے گارڈ ز کو سیکورٹی کی پیشہ ورانہ تربیت اور منصوبہ بندی میں رہنمائی فراہم کی جائے۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سے گورنر کا انتخاب سوچ سمجھ کر عمل میں لایا گیا ہے اور اب جنوبی پنجاب کی مزید ترقی و خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وہ ڈسٹرکٹ باربہاول پورکی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، سینئر مسلم لیگی رہنما سمیع اﷲ چوہدری، صدر ڈسٹرکٹ بارسید مسعود احمد گیلانی،جنرل سیکرٹری طاہر محمود جتوئی، صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن خیر محمد بھڈیرہ، ممبر پنجاب بار کونسل ناصر جوئیہ ،تحصیل بار کے صدور ،ممبران ڈسٹرکٹ بار، ڈی سی او عمران سکندر بلوچ، ڈی پی او سرفراز احمد فلکی موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے طبقہ کو معاشرہ میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ وکلاء جہاں انصاف کے حصول میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں وہاں قانون کی بالادستی اور پارلیمنٹ و آئین کی حکمرانی میں ان کا عمل دخل ہے۔انہوں نے نوجوان وکلاء کو تلقین کی کہ وہ محنت، دیانتداری سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیں اور کالے کوٹ پر حرف نہ آنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کی تحریک کے بعد وکلاء کا احتجاجی طرز عمل سامنے آیا ہے جس کی حوصلہ شکنی کی جائے۔انہوں نے وکلاء سے کہا کہ مسلسل ہڑتالوں سے غریب عوام کو انصاف کے حصول میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس لئے جتنا ممکن ہو سکے ہڑتالوں سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء ایک گھنٹہ ہڑتال کر کے یا بازو پر پٹی باندھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے وکلاء کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان وکلاء کے لئے مزید چیمبر تعمیر کئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں انتظامیہ سے رابطہ کر کے اراضی کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور متعلقہ افسران کو عمارت کی تعمیر کے لئے ضروری ہدایات دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بار کی خستہ ہال لائبریری کی تعمیر کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔اسی طرح احاطہ کچہری کی تعمیر و مرمت کے کام جلد مکمل کرائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء کالونی کی ڈویلپمنٹ کے فنڈز فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے وکلاء کے پیشہ سے دیوانگی کی حد تک پیار ہے۔انہوں نے کہا کہ بزرگ وبیمار وکلاء یا وفات پا جانے والے وکلاء کے پسماندگان کی فلاح کے لئے بہبود فنڈ قائم کیا جائے گا۔قبل ازیں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مسعود احمد گیلانی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے گورنر پنجاب کی وکالت کے شعبہ میں گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایمانداری، محنت اور صاف شفاف انداز میں لوگوں کو انصاف فراہم کرنے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے گورنر کو وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بہاول پور میں سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے بہترین ادارہ قائم کرنے کے علاوہ فاؤنٹین ہاؤس اور ایس او ایس ولیج بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ معاشرہ کے محروم اور نظر انداز کئے گئے بچوں کی بہتر ماحول میں تربیت کی جا سکے اور اس طرح ان کا احساس محرومی ختم ہو سکے گا۔

وہ آج یہاں ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، ایم پی اے عدنان فرید قاضی ، صدر چیمبر آف کامرس سیٹھ محمد ارشد، محمود مجید چوہدری، امیر یوسف علی،شیخ عباس رضا، چوہدری محمد علی، چوہدری عبد الجبار، چوہدری تنویر اور دیگر ارکان موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بہاول پور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقہ کی معاشی ترقی روزگار کی فراہمی میں ایوان صنعت و تجارت کا اہم کردار ہوتا ہے ۔اس لئے حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے موجودہ اقدامات سے ملک میں امن وامان کی صورت حال مجموعی طور پر بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری طرز عمل کو فروغ دے رہے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے ملک وقوم کی بہتری کے فیصلے کئے جا رہے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ چیمبر آف کامرس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور متعدد لوگوں کا روزگار ان سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔قبل ازیں سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز شیخ عباس رضا نے بہاول پور چیمبر آف کامرس کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور خطہ میں صنعتی ترقی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں