ترقیاتی سکیموں کو برق رفتاری سے مکمل کیا جائے ،ثاقب ظفر

معیار اور کوالٹی میٹریل کے استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،کمشنر بہاولپور

منگل 17 مئی 2016 22:14

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مئی۔2016ء) کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفر نے ڈویلپمنٹ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع بہاول نگر میں جا ری مختلف ترقیاتی سکیموں کو برق رفتاری سے مکمل کیا جائے اور معیار اور کوالٹی میٹریل کے استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی او آفس بہاول نگر کے کمیٹی روم میں ضلع میں ترقیاتی امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا عبدالروف،میاں فدا حسین کالوکا وٹو ،میا ں شوکت علی لالیکا،احسان الحق باجوہ،زاہد اکرم ،محمد نعیم انوراور غلام مرتضیٰ کے علاوہ ڈویلپمنٹمحکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

کمشنر نے ترقیاتی کاموں میں ممبران اسمبلی کو اونر شپ دینے ،سکیموں کے دورے کروانے اور ان سے ترجیحات کے تعین میں مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع بہاولنگر میں 749سکیموں پر کام جاری ہے جسکے لئے حکومت نے 5ارب روپے کے فنڈز مختص کئے تھے جس میں سے 4ارب روپے کے فنڈ جاری کئے گئے ہیں اور اب تک 3ارب روپے سے زائد فنڈ ز خرچ کئے جاچکے ہیں۔اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی نے کمشنر کو اپنے حلقوں میں ترقیاتی سکیموں کی ضروریا ت اور دیگر مسائل سے بھی آگا ہ کیا ۔بعد ازاں کمشنر ثاقب ظفر نے جالوالہ روڈ پر بہاولنگر میڈیکل کالج کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا جس پرلاگت کا تخمینہ1ارب 40کروڑ روپے ہے ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں