ڈی پی او بھکر شائستہ ندیم کی اپنے آفس میںکھلی کچہری

عوام الناس کی شکایات سنیں اور انھیں موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے

جمعہ 19 اپریل 2019 21:51

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) ڈی پی او بھکر شائستہ ندیم کی اپنے آفس میںکھلی کچہری۔عوام الناس کی شکایات سنیں اور انھیں موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بھکر نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس ، پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس دوران کثیر تعداد میں مردوزن درخواست گزار اپنی شکایات کی سلسلے میں ہمراہ تحریری درخواست پیش ہوئے۔

ڈی پی او بھکر نے شکایات کی بابت متعلقہ ایس ایچ اوز سے استفسار کیا۔ اس موقع پر انھوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ درخواست دہندگان کی ذاتی طور پر شنوائی عمل میںلائی جائے اور ان کے مسائل اور شکایات کے متعلق تمام پہلوئوں کا حقائق کی روشنی میںجائزہ لیکر داد رسی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

شکایات کا ازالہ کرنے کے بعد ہر درخواست کے متعلق انفرادی طور پر مفصل رپورٹ تین ایام کے اندر ان کے دفتر جمع کروائی جائے۔

اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ایس ایچ اوز " پبلک آرز" دن 3 بجے تا 5 بجے تک تھانے میں عوامی شکایات سننے کیلئے ہر صورت موجود رہیں۔ تاکہ لوگوں کی شکایات اور تحفظات کا مقامی سطح پر حل یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے باوجود بھی اگر کسی تھانے میںتعینات اہلکاران و پولیس افسران کے خلاف ڈی پی او آفس میںدرخواست پیش کی جاتی ہے اور سرکل افسر کی انکوائری کے بعد متعلقہ اہلکار یا افسر گناہگار قرار دیا جاتا ہے تو ایسے پولیس افسران و اہلکاران کے خلاف سخت ترین محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جرائم کا خاتمہ اور بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری اور بنیادی ترجیحات ہیں۔ انصاف کی فراہمی میں بے وجہ تاخیر بھی ناانصافی کے زمرے میں آتی ہے جسکے متعلقہ اہلکاران قابل مواخذہ اور جوابدہ ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں