محکمہ اینٹی کرپشن اور تحصیلدار کے عملہ نے اربوں روپے کی سرکاری کمرشل اور زرعی اراضی واگزار کروا لی

منگل 15 اکتوبر 2019 18:45

بورے والا۔ 15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب خان نے محکمہ اینٹی کرپشن اور تحصیلدار کے عملہ کی مدد سے اربوں روپے کی سرکاری کمرشل اور زرعی اراضی واگزار کروا لی،کمرشل اراضی پر بنایا گیا پیٹرول پمپ بھی سیل کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن وہاڑی عدنان آصف بھٹہ اور تحصیلدار سید تقی شاہ کے ہمراہ اپنے عملہ کی مدد سے چونگی نمبر5 کے قریب لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک سے ملحقہ کروڑوں روپے مالیت کی چار کینال سے زائد سرکاری کمرشل اراضی واگزار کروا لی اس کمرشل قیمتی اراضی پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور احمد وٹو کے دور میں نواحی گائوں 505ای بی کے رہائشی سعودی عرب میں مقیم شخصیت چوہدری محمد اسلم تاج نے اپنے ذاتی تعلقات کی بناء چار کنال سے زائد اراضی 12سالہ لیز پر حاصل کر کے اس پر پٹرول پمپ قائم کر لیا تھا لیز کی مدت ختم ہونے کے باوجود اس پر کاروبار جاری تھا جسے اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ بورے والا رانا اورنگزیب خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن وہاڑی عدنان آصف بھٹہ،تحصیلدار سید تقی شاہ،شہری پٹواری طاہر نذیر بھٹی،محکمہ مال اور بلدیہ کے عملہ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے واگزار کروا لیا اور وہاں قائم پیٹرول پمپ بھی سیل کر دیا دریں اثناء انہوں نے نواحی گائوں 451(ای بی) ڈوگراں والی میں سو کنال سرکاری زرعی اراضی بھی واگزار کروا لی۔

بُورے والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں