وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف عام آدمی کو صحت کی جدید سہولیات کی دستیابی کے لئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں،سیکر ٹری پرائمری ہیلتھ پنجاب

پیر 23 مئی 2022 17:02

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) سیکر ٹری پرائمری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف عام آدمی کو صحت کی جدید سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے اور دوردراز واقع مراکز صحت پر سروس ڈیلوری میں بہتری کے لئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کی ہدایت پر ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال اور ضلع کے تمام مراکز صحت پر ادویات کی دستیابی اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں علاقے کی ایک کروڑ آبادی کی طبی ضروریات پوری کرنے کیلئے سرجیکل بلاک کا تعمیراتی کام تیز کر دیا گیا جسے جون کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال، ساہیوال میڈیکل کالج اور حاجی عبدالقیوم ہسپتال کے دورے کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران،کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا اور ایم ایس ڈاکٹر اسرار ظفر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے ٹیچنگ ہسپتال میں طبی سہولیات کی کمی بارے آگا ہ کیا اور بتایا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی سینکڑوں آسامیاں خالی ہیں جن پر ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کی جانی چاہے۔ انہوں نے ہسپتال میں مزید طبی شعبے قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ صوبائی سیکرٹری ہیلتھ نے ایمرجنسی بلاک، زیر تعمیر سرجیکل ٹاور، نرسنگ کالج، رحمت العالمین بلاک، ڈائیلسز سنٹر اور او پی ڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مریضوں کی عیادت بھی کی۔

انہو ں نے شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر سلیم اختر کے مطالبے پر ٹیچنگ ہسپتال کو ایم آر آئی مشین فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سے ہزاروں مریضوں کو دوسرے شہروں کے سفر سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے نرسنگ کالج میں زیر تعلیم طالبات کے لئے مزید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی سیکرٹری پرائمری ہیلتھ علی جان خان نے شعبہ کارڈیالوجی کا بھی دورہ کیا جہاں ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر نجم الثاقب اور ڈاکٹر حصیف احمد نے موجود سہولیات اور وارڈ کی ایکسٹینشن کے منصوبے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں