حفاظتی ٹیکے بچوں کو خسرہ سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہیں، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 18:16

چیچہ وطنی۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ حفاظتی ٹیکے بچوں کو خسرہ سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہیں اور معاشرے کے ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے کہ بچوںکو اس موذی مرض سے بچانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنمنٹ عبدالقیوم ہسپتال میں کیا،اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر ،ڈی ایچ او ڈاکٹر سید اظہر نقوی،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر سعد بن سعید ،ڈاکٹر نعیم عطا اور ڈاکٹر ذیشان عارف کے علاوہ بچوں اور والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

انہوں نے کہا کہ خسرہ کی ویکسین بالکل محفوظ ہے جو صوبے بھر کے سرکاری مراکز صحت اور مہم کے دوران قائم کردہ خصوصی مراکزسے مفت دستیاب ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خسرہ سے بچاو کی مہم 15 سے 27 اکتوبر تک جاری رہے گی ۔عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ کاہلی نہ برتیں اور چھ ماہ سے سات سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرے کے ٹیکے لگوائیں تا کہ انہیں اس موذی مرض سے بچایا جا سکے ۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر نے بتایا کہ خسرہ بنیادی طور پر ایک انفیکشن کا نام ہے جو ایک مخصوصی وائرس سے پیدا ہوتا ہے اور اس کی علامات بخار کے ساتھ شروع ہوجاتی ہیں ۔گردن اور چہرے پر سرخ دانے نمودار ہونا اور پھر پورے جسم پر بڑھتے جانا خسرے کی علامات ہو سکتی ہیں جو پانچ دن کے بعد آہستہ آہستہ خودبخود کم ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ ۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر سید اظہر نقوی نے بتایا کہ اس مہم کیلئے ضلع ساہیوال میں چار لاکھ 42 ہزار سے زائد بچوںکو ٹارگٹ کیا جائے گا جس مقصد کیلئے 347 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک آگہی واک ہوئی جو صدر چوک سے شروع ہو کرقیوم ہسپتال پر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے دوران لوگوںمیں مرض سے آگاہی کے لئے بروشرز بھی تقسیم کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں