پنجاب سپورٹس بورڈ نےساہیوال کے عوام کو کھیلوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے دو نئی سکیموں کی منظوری دے دی

منگل 25 اکتوبر 2022 14:03

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2022ء) کمشنر ساہیوا ل ڈویژن جاوید اختر محمود کی خصوصی دلچسپی سے عوام کو کھیلوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب سپورٹس بورڈ نے 2 نئی سکیموں کی منظوری دے دی جن پر لاگت کا کل تخمینہ ایک کروڑ34لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ شہدا اے پی ایس ہائی سکول ساہیوال میں کرکٹ گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کے ایک منصوبے کے تحت کھلاڑیوں کیلئے پویلین، اوپن ایئر جمنیزیم اور ٹائلٹس بھی تعمیر کئے جائیں گے جس پر 51لاکھ17ہزار روپے خرچ ہوں گے۔

دوسری سکیم کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول چکنمبر2/10Lہڑپہ میں بھی کرکٹ گراؤنڈ تعمیر کیا جائے گا اور وہاں کھلاڑیوں کیلئے ضروری سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی، اس منصوبے پر 83لاکھ96ہزار روپے لاگت آئے گی۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے دونوں سکیموں کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ ان کی جلد تکمیل سے نوجوانوں اور طلبہ کو کھیل کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔\378

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں