پہلا کمشنر آل پنجاب فٹ بال ٹورنامنٹ تاندلیانوالہ کی ٹیم نے جیت لیا

ہفتہ 17 دسمبر 2022 16:35

پہلا کمشنر آل پنجاب فٹ بال ٹورنامنٹ تاندلیانوالہ کی ٹیم نے  جیت لیا
چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2022ء) پہلا کمشنر آل پنجاب فٹ بال ٹورنامنٹ تاندلیانوالہ کی ٹیم نے ساہیوال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ایگلز فٹ بال کلب گراؤنڈ ساہیوال میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود اور وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا تھے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر پاکپتن سید آصف حسین شاہ، فوکل پرسن سپورٹس بورڈ ساہیوال ڈویژن ملک غلام نبی کھوکھر، تحریک انصاف کے رہنما شیخ محمد چوہان، ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر خان اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم مضبوط ڈیفنس کی وجہ سے گول نہیں کر سکے۔

(جاری ہے)

میچ کے اختتام پر تاندلیانوالہ کی جیتے والی ٹیم کو ٹرافی اور دو لاکھ روپے نقد اور رنراپ ساہیوال ٹیم کو ٹرافی اور ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ فٹ بال پوری دنیا میں کھیلا جانے والا مقبول ترین کھیل ہے جس کا پاکستان میں بھی بہت ٹیلنٹ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کھیل کی سرپرستی کی جائے اور کھلاڑیوں کی مناسب تربیت کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ساہیوال ڈویژن میں مزید کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کر وائے جائیں گے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے بہترین انتظامات پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر خان کی کاوشوں کو سراہا۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں