حادثات پر قابو پانے کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ضروری ہے ، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض

منگل 10 دسمبر 2019 18:30

چنیوٹ۔ 10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) حادثات پر قابو پانے کیلئے لوگوں میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے بارے آگاہی و دیگر احتیاطی تدابیر جن میں ٹریفک کنٹرول کرنے، مین روڑز پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہایت ضروری ہے اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے اپنے فرائض پوری ذمہ داری اور احسن طریقے سے انجام دیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی ،اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پی سٹی، ڈی ایس پی ٹریفک پولیس ،ریسکیو 1122، ہائی وے ، ہیلتھ، ایجوکیشن، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے، سی اوز، سول ڈیفنس، لیبر و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 میڈم طاہرہ خان نے ضلع چنیوٹ میں رواں سال میں ہونے والے ٹریفک حادثات اور ان میں جاں بحق اور زخمیوں کے بارے تفصیلات و ٹریفک حادثات کی وجوہات کے بارے میں بریفنگ دی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے جملہ محکموں کے افسران سے حادثات کی شرح کو کم کرنے کے حوالے سے تجاویز طلب کیں۔ جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ہمارے ضلع کے چاروں روڑز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جن کی مرمت فوری طور نہایت ضروری ہے جن پر ہیوی ٹریفک 24 گھنٹے رواں دواں رہتی ہے۔

زیادہ تر ایکسیڈنٹ ڈمپرز، ٹرکوں کا موٹر سائیکل ،رکشہ اور مسافر وین کے ساتھ ٹکرائو ہے، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ٹریفک پولیس اور سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے کوئی بھی گاڑی مین روڑ پر نہیں آنی چاہیے ایسی گاڑیوں کو فوری طور پر بند کریںاور انکے مالکان کے خلاف کاروائی کریں، انہوں نے مزید کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کاروائی کریں اور انکے والدین کو تنبیہ کریں کہ انہیں گاڑی یا موٹر سائیکل ہر گز نہ چلانے دیں ورنہ آپکے خلاف کاروائی ہو گی۔

انہوں نے ایکسین ہائی وے کو ہدایت کی کہ فوری طور روڑز ریپیئرنگ کے لیے گرانٹ منگوائیں اور تمام روڑز کا پیچ ورک کروائیں،سیکرٹری ڈی آر ٹی اور ٹریفک پولیس غیر معیاری اور غیر قانونی طور پر مسافر گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سیلنڈرز استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کریں۔انسانی جان بہت قیمتی ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم لوگوں میں آگاہی دیں اس سلسلہ میں تمام محکمے خصوصاً ٹریفک پولیس۔

ریسکیو 1122۔ سول ڈیفنس۔ ہیلتھ۔ایجوکیشن و دیگر محکمے سکولوں کالجوں میں بچوں کو اور بس اڈوں۔ پبلک پلیسز پر ڈرائیورز اور شہریوں کو ٹریفک قوانین کے بارے اور روڑ سیفٹی کے بارے میں آگاہی دیں، آگاہی پینا فلیکسز لگوائیں ، پمفلٹ تقسیم کریں ، آگاہی واکس اور سیمینارز کروائیں ، انشاء اللہ اس سے بہت بہتری آئے گی اس مہم کو آج سے شروع کریں یہ ہمارا فرض بھی ہے اور صدقہ جاریہ بھی ہے۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں