ڈپٹی کمشنر انتظامی و طبی امور پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے

اتوار 12 مئی 2024 14:00

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا انتظامی و طبی امور پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے،ڈپٹی کمشنرہسپتال کے مختلف وارڈ ز میں گئے اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے علاج معالجہ کی سہولتوں بارے دریافت کیا، سی او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل طارق، ایم ایس ڈاکٹر احمد خان و دیگر انتظامی امور کے افسران بھی موجود تھے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ پر ذمہ دارانہ توجہ ہونی چاہیے،پنجاب حکومت کے وسیع تر طبی اقدامات کے ثمرات مریضوں تک پہنچانے کے لئے پورے جذبے اور عزم کے ساتھ فرائض انجام دئیے جائیں،انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو طبی وتشخیصی سہولیات کی فراہمی کے وسیع منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف ڈیپارٹمنٹ کا گہری توجہ سے معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نصب شدہ مشینوں کی بہتر دیکھ بھال، تحفظ کویقینی بنائیں اور تشخیصی سہولیات تک ہر مریض کی رسائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ شہر کی بڑی آبادی کو علاج معالجہ کی جدید،معیاری اور تیز رفتار طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتال کا مکمل فنکشنل ہونا انتہائی ضروری ہے، انہوں نے اسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی بارے دریافت کیا،انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے جملہ انتظامات کو بھی ہمہ وقت بہتر بنانے کی تاکید کی۔\378

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں