چنیوٹ ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام سالانہ سپورٹس ایونٹس کا انعقاد

پیر 6 دسمبر 2021 21:42

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2021ء) چنیوٹ ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام چناب کالج چنیوٹ میں سالانہ سپورٹس ایونٹس کا انعقاد، مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر/چیئرمین چنیوٹ ایجوکیشن ٹرسٹ عاصم جاوید نے اپنے دست مبارک سے سپورٹس ایونٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر پرنسپل کالج ہذا محمد اسلم ساجدکے علاوہ دیگر پروفیسرز اور سٹوڈنٹس کثیر تعداد میں موجود تھے، سپورٹس ایونٹ کے پہلے دن طالبات نے مختلف کھیل پیش کیے اور اپنی اپنی ٹیم کیلئے تالیاں بجا کر حوصلہ افزائی کی، ننھی منی طالبات نے بھی مختلف ٹیبلو پیش کیے اور دوڑ کے مقابلوں میں حصہ لیا، ڈپٹی کمشنر /چیئرمین CET عاصم جاوید اور دیگر شرکاء نے اچھا کھیل پیش کرنے پر طالبات کی کارکردگی کو سراہا اور پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو تمغے و دیگر انعامات دیے، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر /چیئرمین CETعاصم جاوید نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے غیر نصابی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں تھیں میں نے پہلی بار کالج کا وزٹ کیا تو پرنسپل کالج کو کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی شروع کروائیں اور سپورٹس ایونٹ منعقد کروائیں،مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ کالج انتظامیہ نے ایک اچھے سپورٹس ایونٹ کا آغازکیا جس کا آج افتتاح کر دیا گیا ہے، آخر میں انکا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو کھیل کے میدان میں بھی آگے لانے کیلئے ایسی مثبت سرگرمیوں کا جاری رہنا نہایت ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں