گومل یونیورسٹی کی زرعی فیکلٹی اور اکوڑہ سیڈز کمپنی اکوڑہ خٹک، نوشہرہ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 13 ستمبر 2023 16:56

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2023ء) گومل یونیورسٹی کی زرعی فیکلٹی اور اکوڑہ سیڈز کمپنی اکوڑہ خٹک، نوشہرہ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ گومل یونیورسٹی کی طرف سے رجسٹرار ڈاکٹر محمد شعیب جبکہ اکوڑہ سیڈز کمپنی اکوڑہ خٹک، نوشہرہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمید اللہ نے دستخط کئے ۔ا س موقع پر ڈین زرعی فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر سلیم جیلانی ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر برکت علی خان و دیگر شعبہ جات کے ڈینزاور ڈاکٹر محمد ساجد، لیڈبریڈنگ اینڈ آر اینڈ ڈی اکوڑہ سیڈز کمپنی اکوڑہ خٹک، نوشہرہ بھی موجود تھے۔

اس مفاہمتی یادداشت کے بعد اکوڑہ سیڈ کمپنی گومل یونیورسٹی کی زرعی فیکلٹی کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینٹکس(پی بی جی)'ہارٹیکلچر اور ایگرانومی کے چار ایم فل طلبا کو دو سال تک سکالرشپ دینگے ۔

(جاری ہے)

اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں ادارے پیداوار بڑھانے اور سبزیوں کے بیجوں پر تحقیق کے حوالے سے گومل یونیورسٹی اور نوشہرہ میں مشترکہ مہم جوئی کرینگے جس سے دونوں اداروں کوفائدہ پہنچے گا۔

اس مفاہمتی یادداشت سے مختلف ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد بھی ہو گا جس سے طلبائ، اساتذہ ، کسان اور تاجروں کی بڑی تعدادمستفید ہو گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹر محمد شعیب اور ڈین زرعی فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم جیلانی کا کہنا تھاکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سربراہی میں گومل یونیورسٹی میں علم و تحقیق کو پروان چڑھانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کی کی مفاہمتی یادداشت کی کامیابی کا تمام سہرا ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر برکت علی خان اور خصوصا اسسٹنٹ پروفیسر پی بی جی ڈاکٹر احترام اللہ کو جاتا ہے جن کی کاوشوں سے آج گومل یونیورسٹی کی زرعی فیکلٹی کے ایم فل چار طلبا کو دو سال کیلئے سکالر شپ ملے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اکوڑہ سیڈز کمپنی اکوڑہ خٹک، نوشہرہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمید اللہ کا کہنا تھا کہ گومل یونیورسٹی کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنے سے جہاں ایک طرف دونوں اداروں کو علم و تحقیق میں فائدہ ہو گا وہیں نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے کسانوں اور تاجروں کے لئے زراعت کے شعبوں میں ترقی کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا ان کامزید کہنا تھا کہ آج کی کامیابی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور ان کی ٹیم کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔\378

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں