مغوی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع جنوبی وزیرستان کوبحفاظت بازیاب کروالیا گیا ہے،کمشنر ڈیرہ

پیر 29 اپریل 2024 18:35

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) کمشنر ڈیرہ ظفر السلام خٹک نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں سیکورٹی اداروں اور پولیس نے مغوی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع جنوبی وزیرستان شاکر اللہ جان مروت کوبحفاظت بازیاب کروا لیا۔دو روز قبل اغوا ہونےوالے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع جنوبی وزیرستان شاکر اللہ جان مروت کی بازیابی کےلئے سکیورٹی اداروں نے تمام راستے بلاک کردیئے تھے، بازیابی کے حوالے سے سکیورٹی اداروں نے دو دنوں میں متعدد کاروائیاں کیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک ، جنوبی وزیرستان اپر و لوئر میں 5سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی تین روزہ مہم کاآغاز ہوچکاہے، پولیو ٹیموں کی حفاظت کےلئے پاک فوج ، پولیس اور ایف سی کی خدمات حاصل کی جا چکی ہیں ، خیبرپختونخوا حکومت ٹانک زام ڈیم کی تعمیر کےلئے سنجیدہ ہے، جس کی تعمیر کا آغاز ہوچکاہے، تعمیراتی حکام اور کمپنیوں کی حفاظت کےلئے ایف سی کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ، ٹانک زام ڈیم کی تعمیر سے 26میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور ہزاروں ایکڑ اراضی سیراب کی جاسکے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک نے مزید بتایا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی آبادی 18لاکھ90ہزار افراد پر مشتمل ہے25078پولیوکی ٹیموں کو 3لاکھ 52ہزار 677بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے، ضلع ٹانک کی آبادی 4لاکھ 70ہزار 893افراد پر مشتمل ہے، 615پولیو کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،جبکہ 97ہزار 797بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ دیا گیاہے، جنوبی وزیرستان کے ضلع اپر کی آبادی 3لاکھ 67ہزار 364افراد پر مشتمل ہے جہاں پر346پولیو کی ٹیمیں 22767بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی ، اسی طرح ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی آبادی 3لاکھ 78ہزار 91افراد پر مشتمل ہے جہاں پر 360پولیو کی ٹیمیں 70921پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

ظفر الاسلام خٹک نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کےلئے کلاچی اور ضلع ٹانک میں پولیس ، پاک فوج اور ایف سی مسلسل آپریشن کررہی ہے، امید ہے کہ حالات مزید بہتری کی طرف آجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ بارشوں سے کوئی سیلابی صورتحال نہیں ہے، تاہم فصلات اور اراضی کے نقصانات کے حوالے سے تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ صاف و شفاف انداز میں سروے کرکے اس بارے رپورٹ مرتب کریں ، تاکہ صوبائی حکومت سے امداد کے حوالے سے بات چیت کی جاسکے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں