ڈیرہ اسماعیل خان ۔ڈیرہ شہر و گردونواح میں شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی بیوٹی پارلروں پر خواتین کا رش

منگل 15 اکتوبر 2019 16:58

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) ڈیرہ شہر و گردونواح میں شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی بیوٹی پارلروں پر خواتین کا رش، بیوٹیشنز نے نرخوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا، متوسط طبقے کے لئے بیوٹی پارلرز سے دلہن کی تیاری مشکل ہی نہیں بلکہ نا ممکن ہو چکی ہے۔ ڈیرہ شہر میں چھوٹے بڑے بیوٹی پارلرز کافی تعداد میں موجود ہیں یوں تو بیوٹی پارلرز کا کارروبار سارا سال چلتا رہتا ہے لیکن شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی بیوٹی پارلرز کا کارروبار چمک اٹھتا ہے شہر کے بڑے پارلرز میں دلہن کی تیاری کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں، دلہن کی تیاری کے 15 سے 20 ہزار روپے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ بارات اور ولیمہ کے نرخ الگ سے مختص ہیں، بیوٹی پارلرز ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ کاسمیٹکس کی تمام اشیاء پر حکومت نے ٹیکس عائد کر دیا ہے جبکہ ریونیو اتھارٹی کی جانب سے الگ ٹیکس عائد کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے دلہن کی تیاری کے چارجز میں اضافہ کیا گیاہے، دوسری طرف مہنگائی سے تنگ بچوں بچیوں کے والدین نے کرائے پر عروسی جوڑے،شیروانیاں لینا شروع کر دی ہیں، شادی پر جہاں دلہن لہنگا، غرارے اور میکسی پہنتی ہیں،وہیں دولہے شیروانیاں پہنتے ہیں موسم سرما میں ویلویٹ، شنیل، انڈین زری، بنارسی، جامعہ وار اور گرم کپڑے کی شیروانیوں کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، ان شیروانیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔جسکی وجہ سے نئی زندگی کا آغاز کرنے والے جوڑوں کے والدین نے معاشی بدحالی کے اس دور میں اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنے کے لئے دکانوں سے کرائے پر عروسی جوڑے اور شیروانیاں حاصل کرنی شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں