معاشی استحکام وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،نائمہ کنول

پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار بھٹو کے ویژن کے تحت عوام کی خوشحالی یقینی بنانے کیلئے اتحادی حکومت میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی،رکن قومی اسمبلی

منگل 23 اپریل 2024 23:08

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) رکن قومی اسمبلی نائمہ کنول نے کہا ہے کہ معاشی استحکام وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے تحت عوام کی خوشحالی یقینی بنانے کے لیئے اتحادی حکومت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ اسماعیل خان کے دورہ کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر انچارج پی آئی ڈی ڈیرہ محمد فضل الرحمان نے انکا ریجنل دفتر آمد پر خیر مقدم کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ملک فرحان افضل دھپ ، سینیئر صحافی محمد ریحان بھی انکے ہمراہ تھے۔ رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وفاقی حکومت دوست ممالک کے ساتھ اعتماد کی فضاپیدا کرنے میں بھرپور انداز سے متحرک ہے۔

(جاری ہے)

ڈیڑھ ماہ کے اندر سعودی عرب، چین اور ایران کے ساتھ اعلی حکومتی سطح پر ہونے والے دورے اسکی عملی مثالیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن چین پاکستان اقتصادی راہداری جیسے منصوبے صدر آصف علی زرداری کے سابقہ دور کے تحائف ہیں موجودہ وفاقی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری عالمی سطح پر پاکستان کی مشکلات کے خاتمہ کے لیے جس انداز سے کام کررہے ہیں اسکے ثمرات چند ماہ میں ہی سامنے آجائیں گے انہوں نے کہا کہ بطور رکن قومی اسمبلی ڈیرہ اسماعیل خان میں وفاقی محکمہ جات انکے اہلکاروں اور سب سے بڑھ کر عوامی مشکلات کا حل میری ترجیحات میں شامل ہے وفاقی سرکاری محکموں کی مشکلات کا ازالہ کر کے ان کے جائز مسائل حل کرینگے اور ان محکموں سے عوام کی بھرپور خدمت کو یقینی بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دس سالوں میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ہی خاندان وفاق اور صوبہ میں بلاشرکت غیرے حکمران تھا مگر ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقی کا ایک بھی میگا پراجیکٹ نہیں لا سکے۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے سیوریج سسٹم تک کو حل نہیں کیا گیا جس کے باعث شہر میں گندگی کے ڈھیر ہیں بدبو مکھیوں مچھروں اور اندھیروں کا راج ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے نوجوان اور بالخصوص خواتین کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی ہماری ہنرمند خواتین کی بڑی تعداد بے روزگار ہے انکی بیروزگاری کے خاتمہ کے لیے جہدوجہد کرونگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہفتہ کے دو روز علاقہ کی عوام کے مسائل کے لیئے مختص کیئے جائیں گے جہاں کوشش ہوگی کہ شہریوں کی تکالیف کو متعلقہ محکمہ جات کی موجودگی میں حل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے قائدین کی ہدایات اور پارٹی پالیسی کے مطابق عوامی خدمت سے اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کی جائے گی۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ اسماعیل خان آمد کے موقع پر انچارج محمد فضل الرحمان نے سینیئر صحافی محمد ریحان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی کو گلدستہ پیش کیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں