فیصل آباد میں 70 سالہ شخص فیس بک پر بننے والی دوست کے ہاتھوں لٹ گیا

ملزمان نے فیس بک پر لڑکی کے نام کا جعلی اکاونٹ بنا کر بزرگ شہری سے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر منگوائیں، پھر بلیک میل کر کے رقم لوٹتے رہے

muhammad ali محمد علی بدھ 24 فروری 2021 23:44

فیصل آباد میں 70 سالہ شخص فیس بک پر بننے والی دوست کے ہاتھوں لٹ گیا
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری2021ء) فیصل آباد میں 70 سالہ شخص فیس بک پر بننے والی دوست کے ہاتھوں لٹ گیا، ملزمان نے فیس بک پر لڑکی کے نام کا جعلی اکاونٹ بنا کر بزرگ شہری سے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر منگوائیں، پھر بلیک میل کر کے رقم لوٹتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں ایک بزرگ شخص لڑکی کے جعلی فیس بک اکاونٹ کی وجہ سے بلیک میلنگ کا شکار بن گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر لڑکی بن کر دوستی کرکے 70سال کے شخص کو بلیک میل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم کے مطابق ملزمان نے فیس بک پر لڑکی کے نام کا جعلی اکاونٹ بنا کر فیصل آباد کے 70سالہ شہری کو جعل سازی و بلیک میلنگ کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے پہلے لڑکی کے نام کے جعلی فیس بک اکاونٹ سے 70 سالہ بزرگ سے دوستی کی پھر بعد ازاں بزرگ کو جھانسے میں لا کر ان کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر منگوائیں۔

نازیبا ویڈیوز اور تصاویر ملنے کے بعد ملزمان نے 70 سالہ بزرگ کو بلیک میل کرنا شروع کیا اور کئی مواقعوں پر بزرگ سے رقم ہتھیائی۔ ملزمان ہمیشہ بذریعہ آن لائن رقم منگواتے تھے۔ مسلسل بلیک بیلنگ سے تنگ آ کر بزرگ نے ایف آئی سائبر کرائم میں شکایت درج کروائی جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان کا تعلق پنجاب کے ضلع اٹک سے ہے۔

گرفتاری کے بعد ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ جلد چالان تیار کر کے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ جہاں ٹیکنالوجی کی آمد اور خاص کر سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپس نے رابطوں کو مزید موثر اور آسان بنایا ہے، وہیں جرائم پیشہ افراد اسی ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کو اپنے جرائم کیلئے بھی استعمال کرنے لگے ہیں۔ جرائم پیشہ افراد کی جانب سے ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے استعمال میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے، تاہم حساس ادارے ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ ایسے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں