شہید ہمارے لوگ ہوئے ،ہم کیوں معافی مانگیں،عمر ایوب

ہمارے 15 لوگ شہید ہوئے ان کی معافی کون مانگے گا،ہم پر تشدد کیا گیا،ہم کس چیز کی معافی مانگیں۔ملک کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ان سے ملک چل نہیں رہا،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 11 مئی 2024 14:24

شہید ہمارے لوگ ہوئے ،ہم کیوں معافی مانگیں،عمر ایوب
فیصل آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2024 ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنماءعمر ایوب کا کہنا ہے شہید ہمارے لوگ ہوئے ہیں ،ہم کیوں معافی مانگیں،ہمارے 15 لوگ شہید ہوئے ان کی معافی کون مانگے گا،ہم پر تشدد کیا گیا،ہم کس چیز کی معافی مانگیں۔ملک کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ان سے ملک چل نہیں رہا۔فیصل آباد میں عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو شہید کیاگیا۔

ہم کیوں معافی مانگیں۔ بوگس مقدمات ہیں ہم شامل تفتیش ہورہے ہیں۔موجودہ حکومت کے خلاف عدالتوں میں رٹ دائر کر رہے ہیں۔ شیر افضل مروت کو آج بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرشوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ان کا فیصلہ بانی عمران خان نے کرنا ہے۔ شیر افضل مروت سے ابھی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ لینے کا نہیں کہا جب کہ شوکاز کے بعد پارٹی کی سیاسی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے ساتھ ابھی تحریک سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ ان کے نئے امیر آئے ہیں امید ہے وہ اپوزیشن الائنس کا ساتھ دیں گے۔مسلم لیگ ن کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خوف ہے، اس کی فاشت حکومت کو خوف ہے، یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی عمرایوب کا مزیدکہنا تھا کہ گندم میں 350 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا، اس وقت محسن نقوی وزیرِ اعلیٰ تھا۔

محسن نقوی کے ساتھ مسلم لیگ ن کے اور لوگ بھی شامل ہیں۔ سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ فارم 47 کی بات کررہا ہے، ہم اس کے خلاف پٹیشن دائر کررہے ہیں۔ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ ہم بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سپاہی ہیں۔ ہماری آئین اور قانون کی جنگ آخری سانس تک جاری رہے گی۔دوسری جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد نے 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماوں عمر ایوب اور شبلی فراز کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔عدالت کے حکم پر انچارج انویسٹی گیشن نے دونوں رہنماوں کو شامل تفتیش کر لیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں