ڈویژن بھر میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت شجرکاری مہم پر تحریک کی صورت میں عملدرآمد کیا جارہا ہے، ڈویژنل کمشنر

منگل 23 اکتوبر 2018 23:07

فیصل آباد۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) ڈویژن بھر میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت شجرکاری مہم پر تحریک کی صورت میں عملدرآمد کیا جارہا ہے جس میں ایوان صنعت وتجارت سمیت نجی شعبہ کی بھرپور شراکت داری کی بدولت خوشگوار،صحت مند اورآلودگی سے پاک ماحول کے حصول میں مددملے گی،یہ بات ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کمشنر کمپلیکس کے سبزہ زار میں پودا لگاتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے واجد علی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ڈائریکٹر سکول سیل چوہدری محمد اشرف ودیگر افسران کے علاوہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کلین اینڈ گرین پنجاب کے چیئرمین چوہدری محمد بوٹا،شاہد محمود باجوہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ درخت دھرتی کا حسن اورماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے قدرتی مشین کا کام کرتے ہیں لہذا ہر شہری کو بڑھ چڑھ کرپودے لگانے چاہیں۔

چوہدری محمدبوٹا نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت اب تک چیمبر آف کامرس کی طرف سے 8ہزار سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کو سرسبز وشاداب بنانے میں بھرپور کاوشیں جاری رہیں گی۔دریں اثناء دیگر افسران نے بھی شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں