عشق رسولؐ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ، آئی جی جیل خانہ جات

پیر 19 نومبر 2018 23:28

فیصل آباد۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) جشن عیدمیلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہؐ کے مطابق گزارنے کا عزم کر لیں جس میں ہمارے سماجی مسائل کا حل موجود ہے۔ یہ بات انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ نے ڈسٹرکٹ جیل میں منعقدہ محفل میلادمصطفیؐ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات عبدالرئوف رانا ‘ سپرنٹنڈنٹ جیل شیخ افضل جاوید ودیگرجیل افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئی جیل خانہ جات نے کہا کہ عشق رسولؐ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں اور نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے لئے ضروری ہے کہ سچے اور پکے مسلمان بن جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی زندگی سیرت طیبہ کے مطابق گزارتے ہیں تو یہی ہمارے لئے حقیقی نجات ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہترین مسلمان وہ ہے جس کے ہا تھ اور زبان سے دوسرے محفوظ رہیں لہذا ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں پر صدق دل سے عمل پیرا ہونا چاہئے ۔

انہوں نے اسیروں سے کہا کہ وہ اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور آئندہ زندگی میں جرائم سے توبہ تائب رہیں ۔ آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ ہمیں غصے پر قابو پانا چاہئے جس سے بہت سے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر نعت خواں حضرات نے خوش الہانی سے سرور کائنات کے حضور گلہائے عقیدت اور حاضرین نے درود و سلام پیش کیا ۔ قبل ازیں آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے ڈسٹرکٹ جیل میں خواتین قیدیوں کی بیرک میں پی سی او ‘ ہسپتال میں کلینیکل لیبارٹری کی اپ گریڈیشن اور قیدیوں کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں