فیصل آباد ڈویژن میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عوام کو مختلف شعبوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے گی ،ڈویژنل کمشنر

پیر 20 مئی 2019 18:28

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ فیصل آباد ڈویژن میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عوام کو مختلف شعبوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے اس سلسلے میں متعلقہ محکمے تعمیراتی کام کی پیشرفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں تاکہ 30جون تک ان سکیموں کی تکمیل کویقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کی پیشرفت کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،لوکل گورنمنٹ،واسا،روڈز ودیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان نے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات اوران پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویژن میں دو ارب 30کروڑ روپے کی لاگت سے نکاسی وفراہمی آب،گلیوں ونالیوں کی تعمیر اور دیگر شعبوں میں 250ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی جن کے آغاز کے لئے ایک ارب 15کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ضلع فیصل آباد میں ایک ارب روپے کی لاگت سے 116سکیمیں،جھنگ میں 70کروڑ روپے کے فنڈز سے 69سکیمیں،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے 41اور ضلع چنیوٹ میں 20کروڑ روپے کے فنڈز سے 24سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔

ڈویژنل کمشنر نے واضح کیا کہ دستیاب فنڈز کو ہر صورت 30جون تک بروئے کار لایا جائے لہذا فنڈز کے عدم استعمال کرنے کی قطعاً گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پائیداری اورفنڈز کے شفاف استعمال کویقینی بنایاجائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کسی بھی ترقیاتی سکیم میں تعمیراتی سست روی کرنے والے محکمے کے افسران کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں