حکومت کی لاروامارمہم عروج پر پہنچ گئی ،درجنوں ٹیموں کا سرویلنس آپریشن جاری

بدھ 21 اگست 2019 13:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی فری فیصل آباد کیلئے لاروا مار مہم عروج پر پہنچ گئی ہے جبکہ اس سلسلہ میںٹیمیں ضلع بھرمیں ڈینگی مچھر کے لاروا کی تلاش کا سرویلنس آپریشن کر رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ سرکاری عمارتوں کو ڈینگی فری کرنے کیلئے خصوصی صفائی کا اہتمام کرنے کے علاوہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کر دیا گیاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فوگنگ مشینوں، ہینڈ پمپس، گاڑیوں اور متعلقہ سٹاف پر مشتمل خصوصی ٹیمیں اپنے فرائض کی سر انجام دہی میں مصروف عمل ہیں اور سپرے سمیت ڈیلٹا میتھرین کی فوگنگ بھی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور محکمہ صحت کے زیر اہتمام لوگوں کو ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ضلع میں ڈینگی کا لاروا تلاش کرنے کی مہم تیز تر کر دی گئی ہے جبکہ اس سلسلے میں کسی بھی جگہ لاروا کی نشاندہی کرنے والوں کیلئے انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے کیونکہ ڈینگی کے ممکنہ حملے پر عوام کی معاونت سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے ۔

انہوںنے بتایاکہ اس مقصد کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگہی کیلئے گھر گھر معلوماتی پمفلٹس تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے نیزشہر بھر میں مختلف شاہرات، چوکوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات کے علاوہ رکشائوں اور پبلک ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں پر آگہی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں تاکہ ڈینگی کے خلاف عوامی احساس کو اجاگر کیا جا سکے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں