نامور ترقی پسند شاعر احمد فراز کی 11ویں برسی کل عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

ہفتہ 24 اگست 2019 13:34

نامور ترقی پسند شاعر احمد فراز کی 11ویں برسی کل عقیدت و احترام سے منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) ملک کے نامور ترقی پسند شاعر، ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، نگار ایوارڈز اور ہلال پاکستان کے حامل ممتازماہر تعلیم وشعر نگار احمد فراز کی11ویں برسی کل 25اگست بروز اتوار کو عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔احمد فراز 12جنوری 1931ء کو کوہاٹ میں پیداہوئے ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کی تکمیل کے بعد شعر و شاعری کا آغاز کردیا۔

وہ مختلف یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروںمیں ماہر تعلیم کے طور پر بھی اپنے فرائض سر انجام دیتے رہے۔ ترقی پسندانہ شاعری کے باعث انہیں جنرل ضیاء الحق کے دورمیں گرفتار کرکے 6سال تک پابند سلاسل بھی رکھاگیا ۔ احمد فراز اردو، فارسی، پنجابی سمیت دیگر زبانوں پر بھی مکمل عبور رکھتے تھے۔

(جاری ہے)

احمد فراز مختلف سرکاری و اہم عہدوں پر بھی فائز رہے۔

عمرکے آخری ایام میں وہ گردوں کے عارضہ میں مبتلاہو گئے ۔ احمد فراز نے ہزاروں نظمیں اور درجنوں مجموعہ کلام بھی تحریر کئے ۔احمد فراز کے تین بیٹے سعدی فراز، شبلی فراز اور سرمد فراز ان کا نام زندہ و جاوید رکھے ہوئے ہیں ۔ احمد فراز کڈنی فیلیور کے باعث 25اگست 2008ء کو اپنے مالک حقیقی سے جاملے ۔ انہیں ایچ ایٹ قبرستان اسلام آباد میں سپرد خاک کیاگیا۔

مرحوم کی برسی کے موقع پر ان کے پرستار مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کریں گے جس میں احمد فراز کی خدما ت کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ اس موقع پر مرحوم کے پرستار ا ن کی آخری آرام گاہ پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے سمیت فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی ۔ احمد فراز کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کریگا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں