نوجوانوں کو نشہ کی علت سے دوررکھنے کے لئے والدین اور اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 14 دسمبر 2019 20:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) : نوجوانوں کو نشہ کی علت سے دوررکھنے کے لئے والدین اور اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے لہذا وہ بچوں کی اسلامی خطوط پر تربیت کریں۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)میاں آفتاب احمد نے انجمن انسداد منشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے زیراہتمام شبلی کالج ڈگری گرائونڈ میں منعقدہ آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر،جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات محمدانوارخان،جوائنٹ سیکرٹری انجمن انسداد منشیات سید نعیم علی بخاری ایڈووکیٹ،ماہر نفسیات غلام مصطفی نیازی،شیخ وزیر ظہیر،چوہدری سخاوت کموکا ایڈووکیٹ ہائیکورٹ،اینٹی نارکوٹکس فورس کے اے ایس آئی راحیل کے علاوہ شبلی کالج کے پرنسپل راحیل فراز،اساتذہ اور طالب علم بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)نے کہا کہ نشہ کے خلاف نفرت بیدار کرنے کے لئے آگاہی انتہائی اہمیت کی حامل ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد نشہ کے مضر اثرات سے آگاہ رہیں اور انہیں اس لت سے بچا کر صحت مند معاشرے کو پروان چڑھایا جاسکے۔انہوں نے انجمن انسداد منشیات کے زیراہتمام انسداد منشیات کے سلسلے میں تسلسل سے آگاہی پروگرامز کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ یہ سلسلہ دوردراز علاقوںتک وسیع ہونا چاہیے۔

ماہر نفسیات غلام مصطفی نیازی نے طالب علموں کو نشہ کے انسانی صحت پر مضر اثرات سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ کو نشہ آور اشیاء سے حتی المقدور دور رکھیں۔جنرل سیکرٹری نے نشہ کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا اور کہا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگرامز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہے گا۔قبل ازیں سیمیناربھی منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ سیکرٹری انجمن انسداد منشیات نے کہا کہ نشہ سے بچائو کے لئے معاشرے کے تمام طبقات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔اینٹی نارکوٹکس فورس کے اے ایس آئی نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر 16دسمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی قومی مہم کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں