پاکستانی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا

حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے،صدر ایوان صنعت و تجارت

جمعرات 23 جنوری 2020 19:39

پاکستانی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2020ء) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے کہا ہے کہ بہتر کاروباری ماحول کے باعث پاکستانی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5بڑی مارکیٹوں میں ہونے لگا ہے جبکہ حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے نیز نئی صنعتوں کے قیام اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کی غرض سے سرمائے کی فراہمی کیلئے سٹاک مارکیٹ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور اس سلسلہ میں سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی(سی ڈی سی) کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کو کسی بھی ملک کی معیشت کوماپنے کیلئے بیرو میٹر کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی فیصلوں کے نتیجہ میں فوری طور پر سٹاک مارکیٹ میں مندے یا تیزی کے رجحان سے ان فیصلوں کی اہمیت اور ان کے دور رس نتائج کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی صنعتی اور معاشی ترقی کیلئے سرمایہ فراہم ہوتا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے راہیں بھی سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی کھولی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس وقت ہماری سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی پانچ بڑی مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے صو بائی دارالحکومت میں کیپیٹل مارکیٹ ایکسپو کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے تاجر برادری اور شرکا کو شیئرمارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اہمیت اور افادیت کو زیادہ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس سے وہ منافع بخش سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سرمائے کے بہترین استعمال کو بھی یقینی بنا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں