ڈپٹی کمشنر محمد علی عید الفطر کی تعطیلات کے دوران گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد پہنچ گئے،

مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجہ سے متعلق ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا

بدھ 27 مئی 2020 17:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی عید الفطر کی تعطیلات کے دوران طبی سہولتوں کی فراہمی کاجائزہ لینے کے لئے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد پہنچ گئے۔اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈمیں بیڈز پر جا کر مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجہ سے متعلق ہسپتال کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی اورمیڈیکل سروسز کی فراہمی کے امورکی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں بھی سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل سروسز کو الرٹ کررکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو سرکاری اقدامات کے تحت طبی امداد کی فراہمی میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے طبی سہولتوں کے حوالے سے ضروری معلومات بھی حاصل کیں اور کہا کہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران ہسپتال سے رجوع کرنے والے ایمرجنسی مریضوں کو حکومت کی طرف سے کئے گئے خصوصی انتظامات کے واضح فوائد نظر آنے چاہیں۔انہوں نے ادویات کی دستیابی،ایمبولینسز کی موجودگی،طبی مشینری کی درست حالت میں ہونے،ڈاکٹرزوسٹاف کی ڈیوٹیز وحاضری،ٹائلٹس اور صفائی کی صورت حال کو بھی چیک کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے اور تمام جگہوں کی بار بار صفائی کویقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی فراہمی اورمعیار میں کمی نہیں آنی چاہیے اس سلسلے میں ڈیوٹی سٹاف انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں