فیصل آباد،عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کے سلسلہ میں آگاہی واک

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم صنعت زار کے زیر اہتمام عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی بھر پور انداز میں منایا گیاجبکہ اس سلسلہ میں ایک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس میں محکمہ سماجی بہبود کے افسران اور انسٹرکٹرز نے شرکت کی۔علاوہ ازیں مختلف اداروں میں تقاریب کے دوران نابینا اور دیگر خصوصی طالب علموں نے مختلف سماجی موضوعات پر ٹیبلوز،اصلاحی خاکے، ملی نغمے اور دیگر رنگا رنگ پروگرامز پیش کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منیجر صنعت زار زاہدہ ناز نے تحفظ سفید چھڑی کو مؤثر انداز میں اجاگر اور نابینا افراد کے حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے خوبصورت انداز میں تقاریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اہم دن کو منانے کا مقصد بصارت کے حامل افراد کو نابینا افراد کی مدد و رہنمائی اور انہیں ترقی کے دھارے میں شامل رکھنے سے متعلق احساس پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بصارت سے محروم افراد سمیت دیگر خصوصی افراد کی ترقی اور بھلائی کیلئے متعدد فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد میں اگرچہ کوئی معذوری ہے لیکن اللہ تعالی نے انہیں دیگر کئی خوبیوں سے نوازا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی منانے کا مقصد نابینا افراد کے حقوق کے تحفظ کا شعور اجاگر کرنا ہے لہٰذا انہیں ترقی کے دھارے میں شامل رکھنے کیلئے معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

دیگر مقررین نے کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کی تخلیق احسن تقویم پر کی ہے جبکہ نابینا افراد میں بصارت کی معذوری کے باوجود دیگر بہت سی صلاحیتیں پائی جاتی ہیں جن کو ترقی کے عمل میں شامل رکھا جائے تاکہ ان میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔انہوں نے نابینا افراد کی ترقی و بحالی کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کر دہ مراعات اور اقدامات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں