شپنگ کمپنیز سے متعلق نئی پالیسی کا خیر مقدم ،حکومت فریٹ فارورڈرز کیلئے بھی اسی طرز پر سہولت کا اعلان

کورونا کی وجہ سے فریٹ فارورڈز کا شعبہ انتہائی مشکلات سے دوچار ،فضائی کارگو پر رعایتیں دی جائیں‘ چیئرمین اظہار الحق

اتوار 9 اگست 2020 14:45

لاہور/سیالکوٹ/فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) انٹر نیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن (پیففا)کے چیئرمین اظہارالحق نے نئی پالیسی کے تحت شپنگ کمپنیز کو ٹیکس میں چھوٹ دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فریٹ فارورڈرز کیلئے بھی اسی طرز پر سہولت کا اعلان کرے ،کورونا وائرس کی وجہ سے فریٹ فارورڈز کا شعبہ انتہائی مشکلات سے دوچار ہے مطالبہ ہے کہ حکومت فضائی کارگو پر رعایتیں دے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے سیالکوٹ اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے فریٹ فارورڈرز کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سمندر کے ذریعے فریٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کرے اور اس کے لئے جہاز خریدے جائیں۔شپنگ کمپنیز اور جہاز رجسٹرڈ کرانے پر 2030 تک کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ اور پہلے برتھ دینے کا فیصلہ بہت بڑی سہولت ہے ،رجسٹرڈ جہازوں کے لئے سہولیات کے اعلان سے اس شعبے کو دستاویزی کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پرائیوٹ انٹرپرائزز کا فریٹ ڈالر کے بجائے روپے میں چارج کرنے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے ۔ا نہوںنے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ حکومت فریٹ فارورڈز کو بھی موجودہ مشکل حالات میں رعایت دے خصوصی طو رپر فضائی کارگو کے حوالے سے ٹیکسز پر نظر ثانی کی جائے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں