گھوٹکی ٹرین حادثے کی تحقیقات کیلئے نجی شعبے سے ماہر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

ڈاکٹر عمر کی خدمات حاصل کرنے کا حتمی فیصلہ، ہوائی اورقومی شاہراہوںپر حادثات کاتجزیہ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں

جمعرات 24 جون 2021 14:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) گھوٹکی ٹرین حادثے کی تحقیقات کیلئے ماہرحادثات ڈاکٹر عمر کی خدمات لینے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ، ڈاکٹرعمر ہوائی حادثات اورقومی شاہراہوںپر ہونے والے حادثات کاتجزیہ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام نے گھوٹکی ٹرین حادثے کی تحقیقات کیلئے نجی شعبے سے ماہر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ریلوے حکا م کے اجلاس میں نجی شعبے سے ماہرکی خدمات لینے کافیصلہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کیلئے ماہرحادثات ڈاکٹرعمرکی خدمات لینے کاحتمی فیصلہ کیا گیاہے ، ڈاکٹرعمراین ایچ اے سول اورایوی ایشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں،ڈاکٹر عمر ہوائی حادثات اورقومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کی جانچ پڑتال اور تجزیہ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں اور شعبہ حادثات کی نجی کنسلٹنٹ کمپنی کے سربراہ ہیں۔واضح رہے 7 جون کو ملت ایکسپریس اورسرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم کا خوفناک واقعہ پیش آیا جس میں 63 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔اس حادثے پر غفلت کے مرتکب چھ افسران کو معطل کیا جا چکا ہے اور فیڈرل انسپکٹرجنرل ریلوے بھی اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں