قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کی نگرانی کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدیں

جمعہ 24 مئی 2019 13:07

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ میٹرک کے سالانہ امتحانات کی طرح انٹرمیڈیٹ امتحانات کو بھی نقل سے پاک امتحان بنانے کے لئے ڈین سوشل شائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی سربراہی میں ایک مین کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی نگرانی میں پورے گلگت بلتستان میں پانچ بڑی ٹیمیں بنائی گئی ہے۔

ضلع گلگت میں قائم امتحانی مراکز کی نگرانی کے لئے شعبہ میتھ کے چیئرمین ڈاکٹر اسداللہ کی سربراہی میں سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ضلع ہنزہ اور نگر میں قائم مراکز کی نگرانی کے لئے فزکس ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر منظور علی کی سربراہی میں ، ضلع غذر کے لئے غذر کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ثابت رحیم کو کوآرڈینٹر بنادیا گیا ہے، دیامر ریجن کے لئے چلاس کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شاہنواز کو ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ بلتستان ریجن میں قائم 17امتحانی مراکز کی نگرانی کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد احمد شگری کو کوآرڈینٹر بنادیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے تمام کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان امتحانات سے نقل جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کرے اور ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت امتحانی مراکز کا دورہ کریں۔ تاکہ معاشرے سے نقل کے رجحان کا خاتمہ ہو۔وائس چانسلر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایک خودمختار امتحانی بورڈ کے قیام کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے، بہت جلد گلگت بلتستان کے نوجوان اس حوالے سے خوشخبری سنیں گے۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں