قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا عالمی یوم برائے تحفظ خوراک کے موقع پر" محفوظ غذا اچھی صحت "کے عنوان پر شاندار آگاہی سیشن کا انعقاد

بدھ 7 جون 2023 18:11

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے عالمی یوم برائے تحفظ خوراک بعنوان محفوظ غذا اچھی صحت کے عنوان پر شاندار آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق سیشن کا انعقاد قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی شعبہ ایگریکلچر اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی نے محکمہ ایگرکلچر گلگت بلتستان کے اشتراک سے کیا تھا۔

سیشن منعقد کرنے کا مقصد خوراک کی تیاری اور استعمال کے حوالے سے معیار ات کی طرف توجہ دلاناتھا تاکہ خوراک محفوظ اور معیاری ر ہے۔ عالمی یوم برائے تحفظ خوراک بعنوان اچھی غذا اچھی صحت کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈین لائف سائنسز ڈاکٹر خلیل احمد نے خوراک کے حوالے سے درپیش چینلجز اور مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ہم مل کر خوراک کے تحفظ کو یقینی بناکر خوراک کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو کم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ دن منانے کا مقصد خوراک کی حفاظت، انسانی صحت، معاشی خوشحالی، زراعت، مارکیٹ تک رسائی، سیاحت اور پائیدار ترقی میں کردار ادا کرتے ہوئے خوراک سے پیدا ہونے والے خطرات کو روکنے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ دن اس امر کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تقویت دینے کا ایک موقع ہے کہ ہم جو غذا کھاتے ہیں وہ محفوظ ہو۔

اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈاکٹر شاہ زمان نے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں کہ خوراک کا تحفظ ہمیشہ اپنی اہمیت کا حامل رہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصدغذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی سے موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے کی معیار زندگی کو بلندکریں۔ اس سے قبل شعبہ ایگریکلچر اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی کے ہیڈ ڈاکٹر سرتاج علی و دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت اور سول سوسائٹی کی جانب سے اس امر کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے کہ ہر ادارے میں تحفظ خوراک کی معلومات، تعلیم و تربیت کو ممکن بنانے کے لیے خصوصی پروگرامات منعقد کرائے جائیں۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی تقریب کے منتظمین و رضاکاروں میں تعارفی اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں