گلگت، صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس

وزیر اعلیٰ ، وزراء،اسمبلی ممبران اور افسروںکی تنخواہوںو الائونسزکی تفصیلات پیش

بدھ 26 ستمبر 2018 14:51

گلگت، صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس
گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیر اعلیٰ، صوبائی وزرائ ممبران اسمبلی، سرکاری و عدلیہ افسروںکی تنخواہوں و دیگر مراعات کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے قائم کردہ صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین اورنگزیب خان ایڈوکیٹ کی صدارت میں گزشتہ روز اسمبلی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران وزیر منصوبہ بندی اقبال حسن،ممبر اسمبلی نواز خان ناجی،ممبر اسمبلی حاجی رضوان علی سمیت محکمہ قانون،محکمہ فنانس اور محکمہ سروسز کے ذمہ داروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ فنانس اور محکمہ سروسز کے ذمہ داروں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان،صوبائی وزراء،پارلیمانی سیکریٹریز،اسمبلی ممبران اور سرکاری آفیسران کی تنخواہوں اور دیگر الائونسزکے حوالے سے تمام تفصیلات کمیٹی کے سپرد کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے جی آفس گلگت بلتستان کے نمائندے کی کمیٹی کے اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی اظہار کرتے ہوئے کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ اے جی آفس کا نمائندہ آئندہ اجلاس میں شرکت یقینی بناتے ہوئے درکار تفصیلات فراہم کرے۔

کمیٹی نے متعلقہ محکموں کی فراہم کردہ تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ فنانس کو ہدایت کی کہ دو ہفتوں کے اندر عدلیہ کے افسروںکی تنخواہوں اور دیگر مراعات کی تمام تفصیلات کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں۔کمیٹی نے محکمہ سروسز کو تمام سرکاری گاڑیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ کمیٹی کو پیش کر نے کی بھی ہدایت کی۔ اورنگزیب خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ ایک عام شہری کو بھی معلوم ہونا چاہئے کہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے بجٹ کیسے اور کہا ں سے آتاہے اور یہ بجٹ کیسے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے استعمال ہورہا ہے۔

ان معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے اور اس کی ابتداء ہم نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان،صوبائی وزراء اور اسمبلی ممبران سے کی ہے۔ان تفصیلات کا اگلے اجلاس میں جائزہ لیا جائیگا اورتفصیلی رپورٹ مرتب کی جائیگی جسکو اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں عوام کے سامنے لائینگے۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں ممبراسمبلی نواز خان ناجی کے پوائنٹ آف آرڈر پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سپیکر کو سفارش کی تھی کہ اس معاملے پراسمبلی کی خصوصی کمیٹی بنائی جائے جس پر سپیکر نے یہ خصوصی کمیٹی بنائی ہے۔کمیٹی کا اگلا اجلاس دو ہفتے بعد دوبارہ طلب کیا جائیگاجس میں تمام تفصیلات کا جائزہ لے کر صوبائی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے لئے رپورٹ مرتب کی جائیگی۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں