قراقرم یونیورسٹی میں میڈیا کے قوانین واخلاقیا ت کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد، ڈپٹی،سپیکر گلگت بلتستان اور وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی کی خصوصی شرکت،

مقررین کا میڈیا کے قوانین،اقدار و اخلاقیات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور ،

جمعرات 19 ستمبر 2019 00:35

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں میڈیا کے قوانین و اخلاقیات کے عنوان پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ایک روزہ سیمینارکا اہتمام قراقرم یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹیڈیز اور گلگت بلتستان پرائیڈایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیاگیاتھا۔سیمینار کے مہمان خصوصی گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان تھے۔

جبکہ وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے خصوصی سپیکر کے طور پر شرکت کی۔ان کے ہمراہ قراقرم یونیورسٹی کے سینئر منیجمنٹ وفیکلٹی ممبران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن آفس میر تعظیم اختر، ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد طارق،ایف آئی اے کے سائبر کرایمز ونگ کے انچارج علی احمد،جی بی پرائیڈ ایسوسی ایشن کی سی ای او غذالہ یاسمین،گلگت بلتستان کے سینئر صحافی و کالم نگار حضرات سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

پبلک ریلیشن آفس قراقرم یونیورسٹی کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان نے کہاکہ دور حاضر میں میڈیا کی ترقی اور عوام تک آسان رسائی سے جہاں اطلاعات کی فراہمی تیز ہوئی ہے وہاں میڈیا کے غلط استعمال سے جرائم کے شرح میں اضافہ بھی ہواہے۔انہوں نے کہاکہ جدید دور کے وسائل کے حوالے سے جہاں حکومت پر قوانین سازی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہاں میڈیا کے شعبہ سے وابستہ افراد کیذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے وجود میں آنے والے مسائل کے حوالے سے عوام الناس کو آگاہی فراہم کریں اور منتخب رہنماؤ ں کی بھی رہنمائی کریں تاکہ معاشرے کے استحکام کے لیے حکومت واضح اقدامات اٴْٹھاسکے۔

انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی اپنا کردار ادا کرناہوگا۔اور عوام کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے لیے راغب کرنے اور اس کے منفی استعمال کے نقصانات سے بھی آگاہ کریں۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے سیاسی،مذہبی اور علاقائی تعصب پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔

لہذا عوام کو ان سازشوں اور بغیر تصدیق کئے ہوئے جھوٹ پہ مبنی خبریں پھیلانے والے عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کی اشدضرورت ہے تاکہ جھوٹی خبروں کے ذریعے معاشرے میں انتشار اور بدامنی اور عدم برداشت پھیلانے والے عناصر ناکامی سے دوچار ہوسکیں۔انہوں نے اہم موضوع پر یونیورسٹی کے منیجمنٹ و فیکلٹی ممبران کی جانب سے سیمینار منعقد کرنے پرانتظامیہ کی تعریف کی۔

ان سے قبل سیمینار میں سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ صحافتی اقدار اور اخلاقیات و قوانین سے آگہی نہ ہونے کی وجہ سے معاشرے میں بغیر تحقیق کے خبروں کی ترسیل اور اشاعت فساد اور انتشار کا سبب بن رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیا ٹیکنالوجی نے سماجی اور معاشرتی اقدار کو بہت متاثر کیاہے۔

دنیا کی 75فیصد آبادی سوشل نیٹ ورکنگ کے مختلف ذرائع سے وابستہ ہے۔جسکی وجہ سے اگرچہ خبروں اور معلومات کی فراہمی نسبتاًآسان ہوئی ہے۔لیکن اخلاقیات اور قوانین کی پاسداری نہ ہونے کی وجہ سے شرپسند عناصر نوجوانوں کو اپنے مذموم مقاصد کا شکار بناتے ہیں اور میڈیا کے غلط استعمال سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پرائیویسی،ڈیجیٹل کرائمز،ہیکنگ اور مختلف اداروں کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا بڑھ رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو قرآن و سنت کی روشنی میں بغیر تحقیق کے خبروں کی ترسیل و اشاعت سے گریز کرنا چاہیے۔ ان سے قبل سیمینار میں مختلف میڈیا کے قوانین و اقدار واصول پر پروفیسرمحمد اعجاز،ریجنل ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد طارق،ایف آئی اے کے سائبر کرایمز ونگ کے انچارج علی احمد،ڈاکٹر اکبرعلی،لیکچرار فا ئزہ منیب،سمیت دیگر مقررین نے سیر حاصل گفتگو کی اور شرکاء کو معاشرے میں ان قوانین و اقدار کی پاسداری کی اہمیت وافادیت سے آگاہ کیا۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں