استک بلتستان رینج کا داخلی راستہ ہے، یہاں سخت چیکنگ کی جائے تو بلتستان ہر طرح کی برائیوں سے محفوظ رہے گا، ڈی آئی جی بلتستان

اتوار 28 نومبر 2021 00:12

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) استک بلتستان رینج کا داخلی راستہ ہے جہاں سے بلتستان کے چاروں اضلاع میں لوگ داخل ہوتے ہیں اس پوسٹ پر سخت چیکنگ کی جائے تو بلتستان ہر طرح کی برائیوں سے محفوظ رہے گا۔ استک چیک پوسٹ پر چیکنگ میں غفلت ہوئی اور منشیات یا غیر قانونی اسلحہ بلتستان کے کسی بھی ضلع میں پہنچا تو استک چیک پوسٹ کے عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے استک تھانہ اور چیک پوسٹ کے دورے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ تلاشی سے مسافروں خاص طور پر بلتستان میں سیاحت کی غرض سے آئے ہوئے مہمانوں کو تکلیف ہوتی ہے جو بلتستان کی تہذیب و ثقافت کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کی بنیادی زمہ داریاں بھی نبھانا ہے اور لوگوں کو امن کے ساتھ سکون و راحت کے وسائل بھی فراہم کرنا ہے۔

ڈی آئی جی نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سید اکبر شاہ اور ایس ایچ او تھانہ استک غلام علی شمیم کو ہدایات دیتے ہوئے کہا بلتستان کے گیٹ وے پر غفلت کسی طور قابل قبول نہیں عملے کو دن رات چوکس رہ کر فرائص نبھانا ہوگا۔ ڈی آئی جی بلتستان نے استک میں پولیس فروٹ باغ کا بھی دورہ کیا اور جاری شجر کاری مہم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شجرکاری کے حوالے سے بھی ہدایات دیں ۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں