چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی جمہوری روایات کی جیت ہے،رانا نعیم الرحمن خان

جمعرات 1 اگست 2019 20:48

گوجرانوالہ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع گوجرانوالہ کے سابق صدر رانا نعیم الرحمن خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی آئین، قانون اور جمہوری روایات کی جیت ہے، بغیر کسی اعتراض، الزام شکایت کے تحریک عدم اعتماد کا پیش کیا جانا ایک انوکھی منطق تھی جسے باشعور ممبران سینیٹ نے ناکام بنا دیا، جمہوری عمل کو نقصان پہچانے والوں کو آئندہ بھی منہ کی کھانا پڑے گی، سیاسی شعور کی بیداری سیاسی استحکام کا باعث بنے گی اور اس ملک کے عوام جمہوریت کے ثمرات سے مستفید ہوں گے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست غیر جمہوری ہتھکنڈوں کی وجہ سے سوالیہ نشان بن چکی ہے، تحریک انصاف عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ضلعی سیکریٹریٹ سوئی گیس روڈ پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جہاں زیب خاں منج، احسان الٰہی نارو، مہر شہباز علی، چودھری محسن تنویر، ڈاکٹر زاہد امین، ارشد رحمانی، رانا معاذ، مہر ظہیر، رانا عمران خاںو د یگر موجود تھے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں