دھرنے والے صفر کا مجموعہ ہیں ، قادری کے گردسارے صفر جمع کرنے سے بھی صفر کی حیثیت صفر ہی رہے گی، غلام دستگیر خان

پیر 11 دسمبر 2017 22:55

گوجرانولہ۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا کہ دھرنے والے صفر کا مجموعہ ہیں ، قادری کے گردسارے صفر جمع کرنے سے بھی صفر کی حیثیت صفر ہی رہے گی،عمران خان اور سیاسی مسترد شدگان کاٹولہ نواز شریف اور انکے خاندان پر کیچڑ اچھال کر اپنا الو سیدھا کرنے کی ناکام کوشش کر ر ہا ہے ، مسلم لیگ ن کی حکومتوں میں وزارتیں انجوائے کرنے والے شیخ رشید کس منہ سے ’’آگ کے شعلے ‘‘بنے ہوئے ہیں ، عوام انہیں ایک جوکر سے زیادہ اہمیت دینے کو تیار نہیں،حکومت کے مخالفین کا انداز گفتگو غنڈہ گردی ،دھونس اور بدمعاشی پر مبنی ہے، نواز شریف نے جب بھی کال دی تو عوام لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر آکر ان جھوٹے اور جعلی لیڈروں کے بل کس نکال دیںگے ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنی رہائش پر مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہم حکومت ختم کرنے کی گیدڑ بھبھکیاں ساڑھے چار سال سے سن رہے ہیں ،ترقی کا دشمن ٹولہ مسلم لیگ ن کی منتخب حکومت کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہے ،انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ مسلم لیگ ن کوکسی سے بھیک میں حکومت نہیں ملی بلکہ عوام نے اسے بھاری اکثریت کے ساتھ اسمبلیوں میں بھیجا ہے،آج بھی نواز شریف سب سے بہادر اور باکردار لیڈر ہیں جن پر ملکی خزانہ میں کرپشن اور بے ضابطگی کا کوئی الزام نہیں بلکہ انکے ذاتی کاروبار کھنگالے جا رہے ہیں ،عمران خان امپائر کی انگلی اوربیساکھیوں کا سہارا ڈھونڈ رہے ہیں ، رات کے اندھیرے میں کرسیاں پھیلا کر جلسے بڑے کرنے سے عوامی حمایت نہیں مل جاتی ،وہ کروڑوں روپے جلسوں میں جھونک رہے ہیں ان سے پورا حساب لیا جائے گا کہ اتنی دولت انہیں کہاں سے آ رہی ہے ، سینئر راہنما کا کہنا تھا کہ نالائق اپوزیشن آئندہ الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے مگر اسے بری طرح ناکامی کامنہ دیکھنا پڑے گا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں