گوجرانوالہ، نوجوان کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں، محمد جاوید قصوری

پیر 16 ستمبر 2019 23:04

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں۔ باشعور اور مہذب اقوام نوجوانوں کو اپنا مستقبل تصور کرتی ہیں۔ برسرروزگار، تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان ہی کسی ملک اور قوم کی داخلی معیشت اوروقار کے استحکام کا باعث ہوتے ہیں۔

یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ وسائل، تعلیم، ذرائع اور ٹیکنالوجی کی بے تحاشا ترقی کے باوجود پاکستان میں بڑی تعداد میں نوجوان بیروزگاری سے دوچار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے النور ہائی سکول میں نویں اور دسویں کلاس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طالبعلموں کے اعزاز میں منعقدہ تقر ب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سٹی امیر جماعت اسلامی مظہر اقبال رندھاوا ،سٹی نائب امیر محمد سلیم بٹ ، سکول چیئرمین حاجی منشاء مغل ، سابق یوسی چیئرمین رضوان چیمہ ، اشرف سندھو ،حاجی افضل مغل، ارشد خلجی کے علاوہ طالبعلموں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ تعلیم یافتہ نوجوان ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہیں۔ پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں، جنہیں معیاری تعلیم، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر فنی علوم سے آراستہ کرکے اپنے پاوں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔ لیکن افسوس ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان پڑھے لکھے، ذہین اوربا صلاحیت ہیں، ضرورت اس امر کی ہے ان نوجوانوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں